• News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • چنئی-پنجاب میچ میں سٹے بازی، آئی پی ایل پھر شرمندہ! پولیس نے 2 افراد کو کیا گرفتار

چنئی-پنجاب میچ میں سٹے بازی، آئی پی ایل پھر شرمندہ! پولیس نے 2 افراد کو کیا گرفتار

Reported By: Munsif TV | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Apr 10, 2025 IST     

image
آئی پی ایل 2025 کے دوران سٹے بازی کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔گزشتہ منگل کو چنئی سپر کنگز اور پنجاب کنگز کے درمیان میچ ہوا تھا جس میں پنجاب نے 18 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میچ کے دوران دہلی میں سٹے بازی چل رہی تھی۔ اطلاع ملتے ہی دہلی پولیس نے دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 20ہزار روپے نقدی اور 5موبائل فونز سمیت متعدد سامان برآمد کرلیا۔
 
 
خبر رساں ایجنسی اے این آئی میں شائع رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس نے سوتنترتا نگر، نریلا سے دو سٹے بازوں کو رنگے ہاتھوں پکڑا ہے۔ ان میں سے ایک شخص کی شناخت روہت کمار کے طور پر کی گئی ہے، جو سٹے بازی میں رقم کے لین دین کا حساب رکھتا تھا۔ تیجندر سنگھ اس کمیونیکیشن باکس کو چلا رہا تھا جس سے کئی موبائل فون جڑے ہوئے تھے۔
 
 
انہوں نے 5 موبائل فون، 500 روپے کے نوٹوں میں 20،000 روپے نقد اور ایک کمیونیکیشن باکس بھی ضبط کیا۔ ایک ڈائری بھی قبضے میں لی گئی ہے، جس میں سٹے بازی کے اکاؤنٹس درج کیے جا رہے تھے اور ایک ایل ای ڈی ٹی وی بھی ملا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ آئی پی ایل 2025 کے دوران دہلی پولیس کا خصوصی عملہ سٹے بازی کو روکنے کے لیے کافی سرگرم ہے۔ حال ہی میں دہلی پولیس نے پہاڑ گنج علاقے سے بھی سٹے بازی کے ایک گینگ کا پردہ فاش کیا اور 6 لوگوں کو گرفتار کیا۔
 
 
 
8 اپریل کی شام کو ایک شخص نے اپنا نام خفیہ رکھتے ہوئے پولس کو سٹے بازی کی اطلاع دی۔ پولیس کو یہ اطلاع 8 اپریل کو چنئی-پنجاب میچ شروع ہونے سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل ملی۔ اس شخص نے بتایا کہ سٹے بازی کا گینگ موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔ اطلاع سچی نکلی اور پولیس نے اسی رات تقریباً 10:40 پر چھاپہ مارا۔