Saturday, November 23, 2024 | 1446 جمادى الأولى 21
National

کینیا نے اڈانی گروپ کے ساتھ ہوائی اڈوں اور بجلی ٹرانسمیشن لائن سے متعلق معاہدہ کیا رَد

کینیا نے اڈانی گروپ کے ساتھ ہوائی اڈے کی توسیع اور توانائی کے کروڑوں ڈالر کے سودے منسوخ کر دیے ہیں۔
 کینیا کے صدر ولیم روٹو نے 21 نومبر کو اس کا اعلان کیا ہے۔ روتو نے کہا کہ اڈانی گروپ کے ساتھ ان سودوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ امریکہ کی جانب سے ایشیا کے امیر ترین شخصیتوں میں سے ایک گوتم اڈانی کے خلاف رشوت خوری اور دھوکہ دہی کے الزامات دائر کرنے کے بعد لیا گیا ہے۔
صدر روتو نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ فیصلہ "ہماری تحقیقاتی ایجنسیوں اور شراکت دار ممالک کی طرف سے فراہم کردہ نئی معلومات کی بنیاد پر" لیا گیا ہے۔ اڈانی گروپ دارالحکومت نیروبی میں کینیا کے مرکزی ہوائی اڈے کو جدید بنانے اور ایک اضافی رن وے اور ٹرمینل بنانے کے معاہدے پر دستخط کرنے کے عمل میں تھا۔ بدلے میں یہ گروپ 30 سال تک ہوائی اڈے کو چلانے والا تھا،جس کے تحت ملک کے اہم ہوائی اڈے کا کنٹرول گروپ کو سونپ دیا جانا تھا۔
کینیا میں اڈانی گروپ کے خلاف احتجاج؟
اڈانی گروپ کے ساتھ اس ڈیل کے بعد کینیا میں احتجاج ہوا اور ہوائی اڈے کے ملازمین ہڑتال پر چلے گئے
ملازمین کا کہنا تھا کہ اس سے کام کے حالات خراب ہوں گے اور کچھ معاملات میں ملازمتوں سے بھی محروم ہو جائیں گے، اڈانی گروپ نے مشرقی افریقہ کے کاروباری مرکز کینیا میں پاور ٹرانسمیشن لائنوں کی تعمیر کا معاہدہ بھی کیا تھا۔