ان دنوں آئی پی ایل 2025 میگا نیلامی کا جوش و خروش عروج پر ہے، اسی دوران آئی پی ایل 2025 کے آغاز کی تاریخ کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اگلے تین سیزن کی تاریخیں سامنے آ گئی ہیں۔آئی پی ایل سیزن 2025 14 مارچ سے 25 مئی تک کھیلا جائے گا، اگلا سیزن 15 مارچ سے شروع ہوگا اور فائنل 31 مئی کو کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ آئی پی ایل 2027 کی تاریخ بھی سامنے آ گئی ہے جو 14 مارچ سے شروع ہو کر 30 مئی تک جاری رہے گا۔
ایک رپورٹ کے مطابق تمام فرنچائزز کو ای میل کے ذریعے اگلے تین سیزن کے آغاز کی تاریخوں کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔ ان تاریخوں کی باضابطہ تصدیق بہت جلد دی جا سکتی ہے۔ پچھلے تین سیزن کی طرح آئی پی ایل 2025 کے سیزن میں بھی کل 74 میچ کھیلے جائیں گے۔ اس سے اگلے سیزن میں میچز کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ آئی پی ایل 2026 میں 84 میچز ہوں گے اور 2027 کے سیزن میں میچوں کی تعداد 94 تک بڑھائی جا سکتی ہے۔
ساتھ ہی بتا دیں کہ آئی پی ایل کی تمام 10 فرنچائزز کے لیے یہ اچھی خبر ہے کہ آئی سی سی کے تقریباً تمام ممبر ممالک نے اپنے کھلاڑیوں کو اگلے تین سیزن کے لیے آئی پی ایل میں کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ 2025 کی میگا نیلامی سے پہلے بی سی سی آئی نے ایک نئی رول بک جاری کی تھی۔ اس کے تحت اگر کوئی غیر ملکی کھلاڑی میگا نیلامی کا حصہ نہیں بنتا ہے تو وہ اگلے دو سیزن نہیں کھیل سکے گا۔ دوسری جانب نیلامی میں خریدے جانے کے بعد اگر کوئی غیر ملکی کھلاڑی اپنا نام واپس لے لیتا ہے تو اسے دو سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔