• News
  • »
  • قومی
  • »
  • مالیگاؤں دھماکہ کیس میں ممبئی کی عدالت کا سنسنی خیز فیصلہ۔پرگیہ ٹھاکراوردیگرسات کوعدالت نے کیا بری

مالیگاؤں دھماکہ کیس میں ممبئی کی عدالت کا سنسنی خیز فیصلہ۔پرگیہ ٹھاکراوردیگرسات کوعدالت نے کیا بری

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: | Last Updated: Jul 31, 2025 IST     

image
ممبئی کی خصوصی عدالت نے مالیگاؤں دھماکہ کیس میں17 سال بعد سنسنی خیز فیصلہ سنایا ہے۔ این آئی اے عدالت نے  سابق ایم پی اور بی جے پی لیڈر پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت سمیت جملہ سات لوگوں کو بری کر دیا ہے، جو اس معاملے میں الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ سنسنی خیز فیصلہ جمعرات کو سنایا گیا۔
 
 بتایا جا رہاہے کہ 29 ستمبر 2008 کو مہاراشٹر کے ناسک کے مالیگاؤں میں ایک مسجد کے قریب زبردست دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی شدت سے چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ سو سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے ابتدا میں اس معاملے میں تحقیقات شروع کیں، لیکن بعد میں این آئی اے نے اس معاملے کی جانچ کی ذمہ داری سنبھالی۔ اس کیس میں اب تک 220 گواہوں پر جرح ہو چکی ہے۔
 
اس واقعے کی 17 سال کی تحقیقات کے بعد جسٹس اے کے لاہوتی نے حال ہی میں فیصلہ سنایا۔ پرگیہ ٹھاکر کے ساتھ، لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت، میجر (ریٹائرڈ) رمیش اپادھیائے، سدھاکر چترویدی، اجے راہیرکر، سدھاکر دھر دویدی عرف شنکراچاریہ، اور سمیر کلکرنی کو اس معاملے میں بری کر دیا گیا۔
 
عدالت نے 17 سال کی طویل سماعت کے بعد 19 اپریل کو ساتوں ملزمان کے خلاف فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ فیصلے کے لیے 8 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی۔ تمام ملزمان کو اس روز پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا لیکن پھر عدالت نے فیصلہ سنانے کی تاریخ 31 جولائی مقرر کی۔
 
اس کیس کی تحقیقات مہاراشٹر اے ٹی ایس کے اس وقت کے سربراہ اور شہید آئی پی ایس افسر ہیمنت کرکرے کو سونپی گئی تھی۔ انہوں نے کل 12 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی جس میں عدالت نے پانچ ملزمان کو بری کر دیا تھا۔  سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت (ریٹائرڈ)، میجر رمیش اپادھیائے (ریٹائرڈ)، سمیر کلکرنی، اجے رہیرکر، سدھاکر دھر دویدی عرف دیانند پانڈے اور سدھاکر چترویدی اس کیس میں  ملزم ہیں۔