تلنگانہ کے سدی پیٹ ضلع میں تین نوجوان ندی میں ڈوب گئے، پولیس نے جمعرات کو یہ بات بتائی۔یہ سانحہ بدھ کو ضلع سدی پیٹ کے ورگل منڈل کے ناچارم میں پیش آیا لیکن جمعرات کو منظر عام پر آیا۔پولیس کے مطابق یہ نوجوان بدھ کو ناچارم کے قریب ہلدھی واگو نہر میں ڈوب گئے۔
جمعرات کی صبح ان کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ مرنے والوں کی شناخت یراگولا پرشانت (27)، وکاس (26) اور کے آنند ریڈی (27) کے طور پر کی گئی ہے۔تینوں نوجوان اسی ضلع کے نرسا پور گاؤں کے رہنے والے تھے۔ وہ بدھ کو اپنے ایک دوست کی شادی میں شرکت کے لیے توپران آئے تھے۔بعد میں، وہ لکشمی نرسمہا سوامی کے ناچارم میں درشن کے لیے گئے۔ واپسی کے دوران وہ ندی میں جا گرے۔
واپس نہ آنے پر ان کے دوستوں نے تلاش شروع کر دی۔ جمعرات کی صبح ان کی لاشیں پانی سے برآمد ہوئیں۔پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کردیا۔اگرچہ ان میں سے کوئی بھی تیرنا نہیں جانتا تھا، لیکن وہ پانی کی گہرائی میں اترے اور ڈوب گئے۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
سڑک حادثہ میں تین افراد زخمی
دریں اثنا، سدی پیٹ ضلع کے کوہڈا منڈل میں وینکٹیشورلاپلی کے قریب سڑک حادثہ میں تین افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق آموں سے لدی ڈی سی ایم وین الٹ گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد زخمی ہوگئے۔حادثے کے بعد مقامی لوگ سڑک پر بکھرے آم اٹھا کر لے گئے۔
سوریا پیٹ میں بس حادثہ
تلنگانہ کے سوریا پیٹ ضلع میں ایک اور حادثے میں ایک پرائیویٹ ٹریول بس ڈی سی ایم گاڑی سے ٹکرا گئی۔یہ حادثہ کوداد منڈل کے دوار کنٹ میں پیش آیا۔ حیدرآباد سے وجئے واڑہ جا رہی ایک پرائیویٹ ٹریول بس DCM گاڑی سے ٹکرا گئی۔پولیس کے مطابق بس میں 30 مسافر سوار تھے۔ کچھ مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔پولیس کو شبہ ہے کہ بس ڈرائیور کو نیند آگئی جس کے نتیجے میں تصادم ہوا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔