Sunday, April 26, 2026 | 08 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • عآپ ارکانِ پارلیمنٹ کا استعفیٰ؛ بھگونت مان صدرِ جمہوریہ سے کریں گے ملاقات، سنجے سنگھ نےکیانااہلی کا مطالبہ

عآپ ارکانِ پارلیمنٹ کا استعفیٰ؛ بھگونت مان صدرِ جمہوریہ سے کریں گے ملاقات، سنجے سنگھ نےکیانااہلی کا مطالبہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Apr 25, 2026 IST

 عآپ ارکانِ پارلیمنٹ کا استعفیٰ؛ بھگونت مان صدرِ جمہوریہ سے کریں گے ملاقات، سنجے سنگھ نےکیانااہلی کا مطالبہ
عام آدمی پارٹی (AAP) کے سات ارکانِ پارلیمنٹ کے پارٹی چھوڑنے کے فیصلے نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ارکانِ اسمبلی کے ہمراہ صدر سے ملاقات کریں گے اور بی جے پی میں شامل ہونے والے پنجاب کے راجیہ سبھا ممبران کو 'ریکال' (Recall) کرنے کے حوالے سے اپنا موقف پیش کریں گے۔
 
واضح رہے کہ جمعہ کے روز راگھو چڈھا سمیت کل سات ارکانِ پارلیمنٹ نے عام آدمی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ ان میں سے تین ارکان نے کل ہی بی جے پی کی رکنیت بھی اختیار کر لی تھی۔
 
 ساتوں ارکان کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ
 
دوسری طرف، عام آدمی پارٹی کے سینیئر لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ پارٹی راجیہ سبھا کے چیئرمین کو خط لکھے گی اور ان ساتوں ارکان کو ایوان سے نااہل قرار دینے کا مطالبہ کرے گی۔ سنجے سنگھ نے کہا، اینٹی ڈیفیکشن قانون واضح طور پر کہتا ہے کہ راجیہ سبھا اور لوک سبھا میں کسی بھی قسم کی تقسیم یا گروپ بندی نہیں ہو سکتی۔ اسے کوئی قانونی حیثیت حاصل نہیں ہے، چاہے دو تہائی اکثریت ہی کیوں نہ ہو۔ان کے مطابق، آئین کے دسویں شیڈول کے تحت ایوان کے اندر کسی الگ دھڑے یا گروہ کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
 
 فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے: سنجے سنگھ
 
سنجے سنگھ نے سات ارکان کے بی جے پی میں شامل ہونے کے فیصلے کو مکمل طور پر "غیر آئینی" اور "غیر قانونی" قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا، "میں نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین کو ان ساتوں ارکانِ پارلیمنٹ کو نااہل قرار دینے کے لیے خط لکھ رہا ہوں۔
 
قابلِ ذکر ہے کہ راجیہ سبھا ممبر راگھو چڈھا اور سندیپ پاٹھک نے پانچ دیگر ارکان کے ساتھ جمعہ کو بی جے پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران راگھو چڈھا نے دعویٰ کیا تھا کہ 'عآپ' کے دس میں سے سات راجیہ سبھا ممبران بی جے پی میں انضمام (Merger) کے لیے تیار ہیں۔