Monday, June 16, 2025 | 20, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • اے ایم یو کے طالب علم نے کھائی نیند کی گولیاں؛ خود کشی کی کوشش!ایچ او ڈی پر لگائےسنگین الزام

اے ایم یو کے طالب علم نے کھائی نیند کی گولیاں؛ خود کشی کی کوشش!ایچ او ڈی پر لگائےسنگین الزام

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jun 15, 2025 IST     

image
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے فائنل ایئر کے طالب علم ارشد حیات نے امتحان میں ناکامی سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کی کوشش کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ طالب علم نے نیند کی کئی گولیاں کھا لی۔ فی الحال انہیں میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
 
کیا ہے پورا معاملہ؟
 
یہ پورامعاملہ پیڈیاٹرکس(اطفال )کے مضمون سے متعلق ہے۔ طلباء کا الزام ہے کہ یہ آسان مضمون ہونے کے باوجود ارشد حیات سمیت آخری سال کے کل چھ طلباء اس مضمون میں فیل ہوئے۔ طلباء کا کہنا ہے کہ ایچ او ڈی سمیت کچھ لوگوں نے بدلہ لینے کے لیے ایسا کیا۔ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ وہ بقیہ 18 مضامین میں کامیاب ہوئے، لیکن صرف پیڈیاٹرکس میں ہی ناکام رہے۔ فیل ہونے کے بعد ان طلبہ نے دوبارہ امتحان دیا جس میں ایک بار پھر تمام طلبہ فیل ہوگئے۔
 
ایچ او ڈی طلبہ سے ناراض تھے!
 
ذی سلام نیوز ویب پورٹل کے مطابق طلباء کا الزام ہے کہ ایچ او ڈی پروفیسر نے ذاتی دشمنی کی وجہ سے انہیں فیل کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شعبہ کی سربراہ نے جان بوجھ کر ان طالبات کا پریکٹیکل لیا جن سے ان کا ذاتی تنازع چل رہا تھا ۔ طلبہ کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ حال ہی میں وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کی وجہ سے ایچ او ڈی طلبہ سے ناراض تھے۔وہیں ریذیڈنٹ ڈاکٹرز یونین کے نائب صدر اختر علی نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایچ او ڈی کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور اس پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کے لیے ایک "منصفانہ کمیٹی" تشکیل دی جائے۔
 
یونیورسٹی کا بیان:
 
اس سلسلے میں اے ایم یو کے پراکٹر پروفیسر وسیم علی نے کہا کہ طالب علم کی حالت اب مستحکم ہے اور اس کا میڈیکل کالج میں علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اس سنگین معاملے کا نوٹس لے گی اور ضروری کارروائی کرے گی۔ پراکٹر نے یہ بھی کہا کہ طلباء کی شکایات کی جانچ کی جائے گی اور اگر کوئی بے ضابطگی پائی گئی تو مناسب کارروائی کی جائے گی۔