Monday, February 16, 2026 | 28, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • ناگپور تشدد کے بعد فہیم خان کے مکان پر چلا تھا بلڈوزر، ہائی کورٹ نے میونسپل کارپوریشن کو لگائی پھٹکار

ناگپور تشدد کے بعد فہیم خان کے مکان پر چلا تھا بلڈوزر، ہائی کورٹ نے میونسپل کارپوریشن کو لگائی پھٹکار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Feb 14, 2026 IST

ناگپور تشدد کے بعد فہیم خان کے مکان پر چلا تھا بلڈوزر، ہائی کورٹ نے میونسپل کارپوریشن کو لگائی پھٹکار
گزشتہ سال مہاراشٹرا کے چھترپتی سمبھاجی نگر (اورنگ آباد) میں مغل بادشاہ اورنگزیب کے مقبرے سے متعلق اشتعال انگیز تبصروں کے بعد ناگپور کے 'محل' علاقے میں فرقہ وارانہ تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ اس تشدد کا الزام فہیم خان پر لگایا گیا تھا، جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتاری کے چند ہی دن بعد ناگپور میونسپل کارپوریشن کے حکام نے سنجے باغ کالونی میں واقع فہیم خان کے تین منزلہ مکان کو بلڈوزر کاروائی کے ذریعے منہدم کر دیا تھا۔
 
 بامبے ہائی کورٹ کی سخت برہمی:
 
اس بلڈوزر کاروائی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ نے میونسپل کارپوریشن کو سخت پھٹکار لگائی ہے۔جسٹس انیل کلور اور جسٹس راج واکوڈے پر مشتمل بنچ نے میونسپل کارپوریشن سے پوچھا کہ:کیا آپ فہیم خان کا مکان دوبارہ تعمیر کر کے دیں گے یا اس کا معاوضہ ادا کریں گے؟
 
 سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی: عدالت نے مشاہدہ کیا کہ کارپوریشن کے حکام نے بلڈوزر کارروائی سے متعلق سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔ سپریم کورٹ کے مطابق کسی بھی مبینہ غیر قانونی ڈھانچے کو گرانے سے پہلے نوٹس دینا اور جواب کے لیے 15 دن کا وقت دینا لازمی ہے۔
 
 میونسپل کمشنر کی معذرت اور اگلی سماعت
 
سماعت کے دوران ناگپور کے میونسپل کمشنر ابھیجیت چودھری نے عدالت میں معافی مانگی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ متعلقہ حکام کو بلڈوزر کارروائی سے متعلق سپریم کورٹ کی نئی ہدایات کا علم نہیں تھا۔عدالت نے ناگپور میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس معاملے میں 4 مارچ تک اپنا جواب داخل کرے۔