ہندوستان کی ہوابازی کی تاریخ کے ایک بدترین حادثے میں، ایئرانڈیا کی پرواز AI-171 (بوئنگ 787-8) احمد آباد ایئرپورٹ سے پرواز کے محض چند منٹ بعد ہی بی جی میڈیکل ہوسٹل کی عمارت پرجاگری۔ حادثے کے نتیجے میں جانی نقصان کی تعداد بہت زیادہ بتائی جارہی ہے، جبکہ سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تعداد ابھی جاری نہیں کی گئی۔
سبرا منیم سوامی کا مطالبہ
اس افسوسناک سانحے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد بی جے پی کے سینئر رلیڈر اور چھ مرتبہ کے رکن پارلیمان سبرامنیم سوامی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد طیارہ حادثے کی شفاف اورغیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اخلاقی ذمہ داری قبول کرے۔
بی جے پی سینئر لیڈر نے سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ 1956 میں آریالور ریل حادثے میں 150 افراد کی موت کے بعد شاستری نے بطور ریلوے وزیر اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اسی طرح اس سانحے کے بعد وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو بھی اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہونا چاہیے۔
When a train derailed in 1950s, Lal Bahadur Shashtri resigned. On the same morality I demand PM Modi, HM Amit Shah and Civil Aviation Naidu resign so that a free& fair inquiry is held. All that Modi and associates have been doing so far is galavanting which must stop must stop.
— Subramanian Swamy (@Swamy39) June 12, 2025
سوامی کو تنقید کا سامنا
سبرا منیم سوامی کے اس مطالبے پر ملک بھر سے سخت ردعمل سامنے آیا۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے ان پر الزام لگایا کہ وہ اس المناک سانحے کو سیاست کا رنگ دے رہے ہیں، جب کہ ابھی حادثے کے متاثرین کی لاشیں بھی ملبے سے نکالی جارہی ہیں اور حادثہ میں کسی کے بھی زندہ رہنے کی امید کم ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق جہاز میں 223 بھارتی اور 53 برطانوی شہری سوار تھے۔ اس دلخراش سانحے پر پورا ملک غم زدہ ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی عمل جاری ہے۔
حادثہ کی جانچ کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی
ملک بھر سے تعزیتی پیغامات اور امداد کی پیشکش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ایوی ایشن ڈپارٹمنٹ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔اس بدترین سانحے پر مرکزی حکومت نے ریاست گجرات کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل کی ہدایت پر یونین ایوی ایشن منسٹر رام موہن نائیڈو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور صورتحال کا خود جائزہ لیا۔