Sunday, June 15, 2025 | 19, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • احمد آباد طیارہ حادثہ: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نےگہرے رنج وغم کا کیا اظہار

احمد آباد طیارہ حادثہ: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نےگہرے رنج وغم کا کیا اظہار

Reported By: Munsif TV | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 12, 2025 IST     

image
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے احمد آباد میں پیش آئے اندوہناک طیارہ حادثہ پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ یہ حادثہ صرف متاثرہ خاندانوں ہی کا نہیں، بلکہ پورا ملک اس درد اور المیہ میں شامل ہے۔انھوں نے کہا کہ جو زندگیاں اچانک اس سانحہ کی نذر ہو گئیں، ان کے خاندان اور بعض قومی اہمیت کی حامل شخصیات کے تناظر میں ملک کے لیے یہ خلا کبھی پُر نہیں ہو سکتا۔ وہ لوگ جو اپنے اعزہ و اقربا کو حسب معمول رخصت کر رہے تھے، ان کے تصور سے پرے یہ بات تھی کہ یہ جدائی ہمیشہ کی جدائی بن جائے گی۔ ایسے لمحات میں جذبات کے اظہار میں الفاظ بے بس ہو جاتے ہیں، صرف دعا اور دلی ہمدردی ہی سہارا بن سکتی ہے۔
 
مولانا مدنی نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومت ہند اور متعلقہ ایجنسیوں سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔مولانا مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کی اکائیوں کو بھی تلقین کی کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے رجوع کریں، ان کے دکھ درد میں شریک ہوں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ہم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، ان کا درد ہمارا درد ہے۔
 
ملک بھر سے تعزیتی پیغامات اور امداد کی پیشکش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ایوی ایشن ڈپارٹمنٹ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔اس بدترین سانحے پر مرکزی حکومت نے ریاست گجرات کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل کی ہدایت پر یونین ایوی ایشن منسٹر رام موہن نائیڈو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور صورتحال کا خود جائزہ لیا۔