Thursday, November 13, 2025 | 22, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • آندھراپردیش کے تمام غریبوں کے پاس سال 2029 تک اپنا گھر ہوگا: چندرابابونائیڈو

آندھراپردیش کے تمام غریبوں کے پاس سال 2029 تک اپنا گھر ہوگا: چندرابابونائیڈو

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Nov 12, 2025 IST

آندھراپردیش کے تمام غریبوں کے پاس سال 2029 تک اپنا گھر ہوگا: چندرابابونائیڈو
 آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ  نارا چندرا بابو نائیڈو نے بدھ کو کہا کہ آندھرا پردیش کے تمام بے گھر غریبوں کو سال  2029 تک ان کے اپنے گھر مل جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے انامایا ضلع کے رائےچوٹی منال کے دیوگوڈی پلے گاؤں سے پروگرام میں شرکت کی ۔ انھوں نے چند مستحقین  کو گھر  کی  چابیاں سونپیں اور ریاست کے دیگر حصوں میں عملی طور پر ہاوسنگ اسکیم کا آغاز کیا۔

سال 2029تک ہرغریب کا ہوگا گھر

 چندرابابونائیڈو نے کہا کہ مارچ 2026 تک مزید 5.9 لاکھ مکانات بے گھر غریبوں کے حوالے کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ سال"2029 تک، ہر غریب کے پاس اپنا گھر ہونا چاہیے۔ یہ اتحادی حکومت کی خواہش ہے، اور وہ اسے پورا کرنے کے لیے کام کر رہی ہے،" انہوں نے کہا، حکومت نے ہر گھر سے ایک تاجر  بنانا حکومت   کا ہدف ہے۔
 
یہ دعوی کرتے ہوئے کہ ٹی ڈی پی حکومت نے 2014 اور 2019 کے درمیان 16,000 کروڑ روپے خرچ کرکے 8 لاکھ مکانات تعمیر کیے تھے، نائیڈو نے الزام لگایا کہ وائی ایس آر کانگریس کی پچھلی حکومت نے 4.73 لاکھ مکانات کو منسوخ کیا اور 2.73 لاکھ مکانات کے لیے 900 کروڑ روپے جاری نہیں کئے۔ مخلوط حکومت نے زیر التواء فنڈز جاری کرکے گھروں کی تعمیر مکمل کی۔
 
ایک سرکاری بیان کے مطابق، پی ایم آواس یوجنا-اربن کے تحت 2,28,034 مکانات، پی ایم آواس یوجنا-گرامین کے تحت 65,292 مکانات اور پی ایم آواس یوجنا-گرامین ​​اسکیم کے تحت 6,866 مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔ کل 3,00,192 مکانات مکمل ہو چکے ہیں۔ این ڈی اے حکومت کی مفت ریت کی پالیسی نے بھی مکانات کی تیزی سے تعمیر میں مدد کی۔
 
نائیڈو نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت مکانات کی تعمیر کے لیے مرکز کی طرف سے فراہم کردہ فنڈز میں اضافہ کر رہی ہے۔ شہری علاقوں میں مکانات کی تعمیر کے لیے 2.5 لاکھ اور دیہی علاقوں میں 2 لاکھ روپے دے رہی ہے۔ جب کہ ریاستی حکومت BCs اور SCs کو 50,000 روپے، STs کو 75,000 روپے، اور قدیم قبائل کو 1 لاکھ روپے دے رہی ہے۔سی ایم نائیڈو نے اعلان کیا کہ اب سے ریاستی حکومت مسلمانوں کو اضافی 50,000 روپے بھی فراہم کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ تقریباً 6 لاکھ لوگوں نے گھر بنانا بند کر دیا ہے کیونکہ وہ ان کی استطاعت نہیں رکھتے تھے۔ حکومت انہیں3,220  روپے کی امداد فراہم کرے گی۔  اس سے 3.75 لاکھ بی سی خاندان، 1.57 لاکھ ایس سی خاندان، 46،000 ایس ٹی، اور 22،000 قبائلی خاندان مستفید ہوں گے۔
 
اس بات کو یاد کرتے ہوئے کہ تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) نے روٹی ، کپڑا  اور مکان کے نعرے کے ساتھ جنم لیا، نائیڈو نے دعویٰ کیا کہ ٹی ڈی پی کے بانی اور سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ غریبوں کے لیے مکانات تعمیر کرنے والے پہلے لیڈر تھے۔وزیراعلیٰ نے گھروں میں استعمال ہونے والے برقی آلات کا معائنہ کیا۔ جیسا کہ عہدیداروں نے کہا کہ وہ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی سے تعلق رکھنے والے استفادہ کنندگان کو 5,700 روپے کی قیمت کے چار بلب، دو ٹیوب لائٹس اور دو پنکھے فراہم کررہے ہیں، انہوں نے مشورہ دیا کہ عہدیداروں کو ان آلات کو دوسرے گروپوں کے استفادہ کنندگان کو فراہم کرنے کے امکان کا جائزہ لینا چاہئے۔
 
نائیڈو نے تصویری نمائش کے ذریعہ ریاست بھر میں تعمیر کئے گئے 3 لاکھ مکانات کے نمونوں کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جن غریبوں کے پاس ابھی تک اپنے گھر نہیں ہیں ان کی دسمبر تک شناخت کر لی جائے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ گھر کی تعمیر کو اس طرح سے شروع کیا جائے کہ اس سے مشترکہ خاندانوں کی حوصلہ افزائی ہو۔وزیراعلیٰ نے متعدد مستحقین کو گھر بنانے کی اجازت بھی دی جن کے پاس اپنے پلاٹ تھے۔