تروپتی لڈو میں ملاوٹ کے معاملے میں سی بی آئی نےچار لوگوں کو گرفتار کیا ہے ۔گرفتار کیے جانے والوں میں روڑکی میں بھولے بابا ڈیری کے سابق ڈائریکٹرپومل جین اور بپن جین شامل ہیں۔ویشنوی ڈیری سے اپوروا چاوڑا ۔اور اے آر ڈیری کے راجو راج شیکھرن کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔یاد رہے کہ لڈو میں ملاوٹ کا اسکینڈل آندھرا پردیش میں ایک سیاسی تنازعہ بن گیا تھا۔ ٹی ڈی پی نے پچھلی جگن موہن ریڈی حکومت پر الزام لگایا تھا کہ تروپتی میں انتہائی پاکیزہ نذرانے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ۔تیلگو دیشم پارٹی حکومت نے گزشتہ سال دعویٰ کیا تھا کہ تروپتی مندر کے پرساد میں جانوروں کی چربی کی ملاوٹ کی گئی ، جس کے بعد ملک بھر میں ہنگامہ ہوا تھا۔ ایک پانچ رکنی ٹیم، اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔جس میں سی بی آئی کے دو افسران، آندھرا پردیش حکومت کے دو افسر اور فوڈ سیفٹی اسٹینڈرڈ اتھارٹی آف انڈیا کے لوگ شامل ہیں ۔
تلگودیشم پارٹی کے قومی ترجمان پریم کمار جین نے بتایا کہ ایس آئی ٹی تحقیقاتی ٹیم نے تروپتی لڈو ملاوٹ سے متعلق کیس کے سلسلہ میں چار افراد کو گرفتار کیاہے۔ تین دن کی پوچھ تاچھ کے بعد ایس آئی ٹی نے انہیں گرفتار کیا۔ پریم کمار جین نے کہاکہ ہم اس کاروائی کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ جلد سے جلد واقعہ کی تمام تفصیلات عوام کے سامنے آئے۔
چیف منسٹر کی ریاستی سطح کی بینکرس کمیٹی کے ساتھ میٹنگ۔
آندھرا پردیش کے چیف منسٹر نارا چندرا بابو نائیڈو نے آج سکریٹریٹ میں ریاستی سطح کی بینکرس کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس پروگرام میں ریاستی وزراء، عہدیداروں اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔سکریٹریٹ کے بلاک 5 میں منعقد ہ اس میٹنگ میں ریاست میں فلاح عامہ کی اسکیموں کے نفاذ کے حوالے سے درکار فنڈس کے اُمور پر غور کیا گیا،اس ضمن میں سی ایم نائیڈو نے بینکرس سے کہا ہے کہ وہ بھر پور تعاون فراہم کریں ۔اسکے علاوہ کسانوں کے قرضوں کے معاملے میں حکومت کی ہدایت پر عمل در آمد پر زور دیا گیا ۔