آندھرا پردیش وقف بورڈ کے چیئرمین عبدالعزیز نے وجے واڑہ اور ابراہیم پٹنم کے مختلف مقامات پر واقع اہم وقف جائیدادوں کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر انہوں نے ان جائیدادوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔اور متعلقہ عہدیداروں سے کہا کہ وہ آمدنی میں اضافہ کے لیے فوری اقدامات کریں ۔وجے واڑہ میں واقع کالیشور راؤ مارکیٹ کے قریب موجود مسافر خانہ کا دورہ کرتے ہوئے عبدالعزیز نے صورتحال کے بارے میں وقف بورڈ عہدیداروں سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
بعد ازاں، انہوں نے ابراہیم پٹنم منڈل کے کونڈاپلی گاؤں میں موجود وقف اراضی کا بھی معائنہ کیا۔جس میں سے کچھ زمین فی الحال خالی ہے۔ اس موقع پر عبدالعزیز نے کہا کہ اس زمین کی مقامی اہمیت اور مستقبل کے مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تروپتی کے خانقاہِ قادریہ میں اجلاس
تروپتی کے خانقاہِ قادریہ میں انجمن ترقی اردو کے زیراہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اس اجلاس میں ضلع بھر سے اردو زبان سے محبت رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اس اجلاس کی صدارت صدر، انجمن ترقی اردوسید شفیع احمد قادری نے کی۔ اجلاس میں اردو زبان کی ترقی، تحفظ، اور ضلع سطح پر مربوط انداز میں کام کرنے کے لائحہ عمل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء نے اردو زبان کو فروغ دینے کے لیے تعلیمی اداروں، سرکاری سطح اور سماجی میدانوں میں مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔