• News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کیلئے بی جے پی کی سرگرمیوں میں شدت؛سابق گورنر دتاتریہ کی بیٹی کو ٹکٹ دیئے جانے کا امکان

جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کیلئے بی جے پی کی سرگرمیوں میں شدت؛سابق گورنر دتاتریہ کی بیٹی کو ٹکٹ دیئے جانے کا امکان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Sep 07, 2025 IST

جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کیلئے بی جے پی کی سرگرمیوں میں شدت؛سابق گورنر دتاتریہ کی بیٹی کو ٹکٹ دیئے جانے کا امکان
حیدرآباد کے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کی قومی قیادت سابق گورنر بنڈارو دتاتریہ کی بیٹی وجیا لکشمی کے نام پر غور کر رہی ہے۔اس حلقہ میں اقلیتی ووٹوں کے بعد یادو طبقہ کے ووٹ زیادہ تعداد میں ہیں۔ اسی پس منظر میں دہلی کے قائدین اس طبقہ سے تعلق رکھنے والی خاتون امیدوار کو ٹکٹ دینے کے حق میں ہیں۔ پارٹی حلقوں کا ماننا ہے کہ اگر دتاتریہ کی بیٹی کو امیدوار بنایا جائے تو جوبلی ہلز میں بی جے پی کی جیت آسان ہوسکتی ہے۔اس حلقہ کے موجودہ رکن اسمبلی ماگنٹی گوپی ناتھ کی موت کے بعد بی آر ایس نے ان کی اہلیہ سنیتا کو ٹکٹ دیا ہے جس سے انہیں ہمدردی کا فائدہ حاصل ہوگا۔ ان کا مقابلہ کرنے کیلئے بی جے پی بھی خاتون امیدوار کو میدان میں اتارنے پر غور کررہی ہے۔
 
بی جے پی کا مقصد ہر حال میں جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنا ہے تاکہ اس کے بعد ہونے والے جی ایچ ایم سی انتخابات میں زیادہ کارپوریٹر نشستوں پر جیت درج کر کے میئر کی کرسی پر قبضہ کیا جا سکے۔ پارٹی یہ بھی سمجھتی ہے کہ یہ کامیابی 2028 اسمبلی انتخابات کیلئے حوصلہ افزا ثابت ہوگی۔اسی لئے بی جے پی ۔بی آر ایس اور کانگریس دونوں کے سامنے مضبوط امیدوار کھڑا کرنے کی حکمت عملی بنارہی ہے۔اطلاعات کے مطابق دتاتریہ کی بیٹی وجیا لکشمی طویل عرصہ سے پارٹی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں اور کئی برسوں سے دتاتریہ کی الائی بلائی پروگرام کو ذاتی طورپر منظم کررہی ہیں۔ 
 
تاہم انہیں اب تک کسی الیکشن میں حصہ لینے کا موقع نہیں ملا۔پارٹی کا اندازہ ہے کہ اگر انہیں ضمنی انتخاب کا ٹکٹ دیا گیا تو بی سی طبقہ کی حمایت بھی حاصل ہوگی۔ ریاستی بی جے پی میں اس وقت شدید گروپ بندی جاری ہے۔ ایسے میں اعلیٰ قیادت کا ماننا ہے کہ وجیا لکشمی کو ٹکٹ دینے کی صورت میں سب قائدین مل کر کام کریں گے۔ واضح رہے کہ ا س انتخاب کیلئے حکمراں کانگریس نے ابھی تک اپنے امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیاہے۔