بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے نامزدگی کا عمل جمعہ کو مکمل ہو گیا۔ جہاں حکمران نیشنل ڈیموکریٹک الائنس اعتماد کے ساتھ انتخابی مہم چلا رہا ہے وہیں حزب اختلاف کا انڈیا اتحاد بھی اقتدار میں واپسی کے مقصد سے مہم میں شدت پیدا کررہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں 121 اسمبلی حلقوں کیلئے اب تک 1,250 سے زیادہ امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے ہیں۔ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے کیونکہ کئی اضلاع کا ڈیٹا ابھی باقی ہے۔
اس دوران اطلاع ہے کہ کم از کم ایک درجن سیٹوں پر انڈیا اتحاد کے ایک سے زیادہ امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کیے ہیں جو 20 اکتوبر تک ان امیدواروں میں سے کوئی بھی دستبردار نہ ہونے کی صورت میں دوستانہ لڑائی کا امکان ظاہر کرتا ہے۔ کانگریس نے آر جے ڈی لیڈر رشی مشرا کو اپنے نشان پر الیکشن لڑنے کی اجازت دی ہے لیکن آر جے ڈی نے لال گنج سیٹ پر کوئی نرمی نہیں دکھائی جہاں منا شکلا کی بیٹی شیوانی شکلا نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ اس کے علاوہ کانگریس امیدوار آدتیہ کمار راجہ بھی میدان میں ہیں۔ مزید برآں کانگریس کو کم از کم تین سیٹوں پر سی پی آئی امیدواروں کا سامنا کرناپڑسکتاہے۔
آٹھ اسمبلی سیٹوں پر گرینڈ الائنس کے امیدوار آمنے سامنے:
*ویشالی سیٹ پر آر جے ڈی کے اجے کشواہا اور کانگریس کے سنجیو کمار آمنے سامنے
*تارا پور سیٹ پر آر جے ڈی کے ارون شاہ اور وی آئی پی کے سکل دیو بند میں مقابلہ
*بچھواڑہ اسمبلی سیٹ پر سی پی آئی کے اودھیش رائے اور کانگریس کے غریب داس میں مقابلہ
*گورا بورم اسمبلی سیٹ سے آر جے ڈی امیدوار افضل علی، بمقابلہ وی آئی پی کے سنتوش ساہنی
*لال گنج سیٹ پر آر جے ڈی کی شیوانی شکلا اور کانگریس کے آدتیہ راجہ کے درمیان مقابلہ
*کانگریس نے کہلگاؤں سیٹ پر پراوین کشواہا کو آر جے ڈی کے رجنیش یادو کے خلاف میدان میں اتارا
*راجپاکڑ سیٹ پر کانگریس کی پرتیما داس کا مقابلہ سی پی آئی کے موہت پاسوان سے
*روزیرا سیٹ پر کانگریس کے بی کے روی کا مقابلہ سی پی آئی امیدوار لکشمن پاسوان سے
کانگریس نے 48 امیدواروں کی فہرست جاری کی:
کانگریس پارٹی نے جمعرات 17 اکتوبر کو دیر گئے بہار اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی پہلی فہرست جاری کی، جس میں 48 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ پارٹی کے موجودہ ایم ایل اے اور ریاستی کانگریس صدر راجیش رام (کٹمبا) اور کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر شکیل احمد خان (کڑوا) کو دوبارہ نامزد کیا گیا ہے۔ پارٹی نے آر جے ڈی سمیت دیگر گرینڈ الائنس حلقوں کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کا عمل مکمل ہونے سے پہلے یہ فہرست جاری کی۔ آر جے ڈی نے بھی کئی سیٹوں کے لیے نشانات الاٹ کیے ہیں۔
بہار اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں:
بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پرچہ نامزدگی کا عمل ختم ہو چکا ہے۔جب کہ دوسرا مرحلہ 20 اکتوبر کو ہونا ہے۔ اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں 6 اور 11 نومبر کو ہوں گے، جن کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔