Thursday, October 23, 2025 | 01, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • بہار انتخابات: تیجسوی یادو انڈیا اتحاد کے وزیر اعلیٰ تو مکیش ساہنی ہوں گے نائب وزیر اعلیٰ کا چہرہ

بہار انتخابات: تیجسوی یادو انڈیا اتحاد کے وزیر اعلیٰ تو مکیش ساہنی ہوں گے نائب وزیر اعلیٰ کا چہرہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 23, 2025 IST

بہار انتخابات: تیجسوی یادو انڈیا اتحاد کے وزیر اعلیٰ تو مکیش ساہنی ہوں گے  نائب وزیر اعلیٰ کا چہرہ
بہار اسمبلی انتخابات کے لیے انڈیا اتحاد کے اندر کئی ہفتوں کی بات چیت کے بعد سیٹوں کی تقسیم اور وزیر اعلیٰ کے چہرے کا تنازعہ حل ہو گیا ہے۔کانگریس لیڈر اشوک گہلوت نے اعلان کیا کہ آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو عظیم اتحاد میں وزیر اعلیٰ کے چہرہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تیجسوی نوجوان، پرعزم اور قابل ہیں۔ اسکے علاوہ وکاسیل انسان پارٹی (VIP) کے مکیش ساہنی عظیم اتحاد کے نائب وزیر اعلیٰ کا چہرہ ہوں گے۔
 
پریس کانفرنس کے دوران تیجسوی یادو نے این ڈی اے پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 20 مہینے دیں، ہم 20 مہینوں میں وہ کام کریں گے جو 20 سال میں نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نتیش کمار کو وزیر اعلیٰ نہیں بنائے گی۔این ڈی اے کے اندر نتیش کمار کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔
 
آر جے ڈی لیڈر نے اور کیا کہا؟
 
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ ہم شروع سے کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی نتیش کمار کو وزیر اعلیٰ نہیں بنائے گی۔یہ نتیش کمار کا آخری الیکشن ہے،ہم بہار کی تعمیر کے لیے متحد ہیں۔ ہم بہار کی تعمیر چاہتے ہیں،این ڈی اے کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا، امت شاہ ہر بار وزیر اعلیٰ کے چہرے کا اعلان کرتے ہیں۔ اس بار وہ ایسا کیوں نہیں کر رہے ہیں؟  
 
آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ 20 سال کی حکمرانی کے باوجود بہار سب سے غریب ریاست بنی ہوئی ہے۔ بہار میں نقل مکانی سب سے زیادہ ہے۔ یہاں کوئی کارخانہ نہیں، صنعتیں نہیں، تعلیم، ادویات، آمدنی اور آبپاشی کی کوئی سہولت نہیں۔ یہاں کوئی آئی ٹی ہب یا آئی ٹی پارکس نہیں ہیں۔ ساتھ ہی تیجسوی نے کہا کہ پیپر لیک ہوا ، سریجن گھوٹالہ ہوا ،ناانصافی عروج پر ہے، لیکن کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا۔لو گ انصاف کے منتظر ہیں۔
 
اشوک گہلوت نے کہا کہ بہار کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں:
 
کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے کہا، جمہوریت کو این ڈی اے حکومت سے خطرہ ہے، کوئی نہیں چاہتا کہ ملک جس سمت جا رہا ہے، تنقید کریں اور جیل جائیں، پورا ملک اس وقت بہار کی طرف دیکھ رہا ہے۔ بہار کے حالات سنگین ہیں، لوگ تبدیلی چاہتے ہیں۔ ہم ان لوگوں کا سامنا کر رہے ہیں جو صرف جمہوریت کا نقاب پہنتے ہیں۔ یہ لوگ انتخابات جیتنے کے لیے ہر طرح سے پیسے اور طاقت کا استعمال کرتے ہیں۔
 
پریس کانفرنس میں کس نے کیا کہا؟
 
وی آئی پی سربراہ مکیش ساہنی نے اس موقع پر کہا کہ پارٹی کے لاکھوں کارکن اس لمحے کا انتظار کر رہے تھے۔ انہوں نے بی جے پی پر اپنے ایم ایل ایز کو توڑنے  اور خریدنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا، ہم بی جے پی کو توڑنے تک نہیں چھوڑیں گے۔ وہ وقت آ گیا ہے۔ اب ہم گرینڈ الائنس کے ساتھ مضبوطی سے حکومت بنائیں گے۔ گرینڈ الائنس مضبوط ہے۔سی پی ایم لیڈر للن چودھری نے کہا کہ ہم متحد ہو کر لڑیں گے اور بہار بدلے گا،بہار میں تبدیلی کی بہار ہے۔کانگریس لیڈر راجیش رام نے کہا، اتحاد متحد ہے۔ آج وہ دن ہوگا جب خواب پورے ہوں گے۔ آج ہماری پوری طاقت نظر آئے گی۔
 
اتحاد نے 243 سیٹوں کے لیے 254 امیدوار کھڑے کیے ہیں:
 
بہار میں کل 243 اسمبلی سیٹیں ہیں، لیکن گرینڈ الائنس نے 254 امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ آر جے ڈی کے پاس 143، کانگریس کے پاس 61، سی پی آئی-ایم ایل کے پاس 20، سی پی آئی کے پاس 9، سی پی ایم کے پاس 6، اور وی آئی پی کے پاس 15 ہیں۔ کانگریس اور آر جے ڈی چھ سیٹوں پر آمنے سامنے ہیں۔ ان میں سکندرا، کہلگاؤں، سلطان گنج، لال گنج، ویشالی، اور وارثی گنج شامل ہیں۔ چار سیٹوں پر صرف کانگریس اور سی پی آئی کے درمیان مقابلہ ہے۔ دوسرے مرحلے کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آج آخری دن ہے۔