• News
  • »
  • فلمیں/ طرززندگی
  • »
  • فلم کالا ہرن' پر پابندی کی سلمان خان کی درخواست پر سماعت ملتوی، دہلی ہائی کورٹ میں اگلی سماعت یکم جولائی کو ہوگی

فلم کالا ہرن' پر پابندی کی سلمان خان کی درخواست پر سماعت ملتوی، دہلی ہائی کورٹ میں اگلی سماعت یکم جولائی کو ہوگی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jun 19, 2026 IST

فلم کالا ہرن' پر پابندی کی سلمان خان کی درخواست پر سماعت ملتوی، دہلی ہائی کورٹ میں اگلی سماعت یکم جولائی کو ہوگی
دہلی ہائی کورٹ نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی جانب سے مجوزہ فلم "فلم کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی" کی شوٹنگ، تشہیر اور ریلیز پر روک لگانے سے متعلق درخواست کی سماعت ملتوی کر دی ہے۔ فلم ساز کی جانب سے جواب داخل کرنے کے لیے مزید وقت مانگے جانے کے بعد عدالت نے کیس کی اگلی سماعت یکم جولائی مقرر کی ہے۔
 
یہ معاملہ جسٹس مدھو جین کی سربراہی میں قائم تعطیلاتی بنچ کے سامنے پیش ہوا۔ سماعت کے دوران سلمان خان کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل سندیپ سیٹھی نے عدالت سے عبوری تحفظ دینے کی درخواست کی۔
 
سلمان خان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فلم ساز اداکار کی اجازت کے بغیر ان کی زندگی، نام اور عوامی شناخت کو تجارتی فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جو ان کے شخصیت کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فلم کا ٹیزر پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے اور فلم سازوں کو سلمان خان کی زندگی پر فلم بنانے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں۔
 
دوسری جانب فلم ساز کے وکیل نے کہا کہ انہیں درخواست کی مکمل نقل بروقت موصول نہیں ہوئی تھی اور انہیں صرف چند روز قبل ہی دستاویزات فراہم کی گئی تھیں، اس لیے جواب داخل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ اس پر عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت دی کہ درخواست کی کاپی مخالف فریق کو فراہم کی جائے۔
 
سلمان خان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ فلم "کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی" کا پوسٹر اور تشہیری مواد ان کی رضامندی کے بغیر ان کے نام، تصویر اور عوامی شخصیت کو استعمال کرتا ہے، جس سے ان کی شہرت اور قانونی حقوق متاثر ہو سکتے ہیں۔
 
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران دہلی ہائی کورٹ نے فلم کے پروڈیوسر امت جانی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا تھا۔ اب عدالت یکم جولائی کو اس معاملے کی مزید سماعت کرے گی۔