Saturday, October 18, 2025 | 26, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • قاہرہ :غزہ امن اجلاس میں پی ایم مودی کی جگہ کون؟کئی ممالک کے سربراہان مملکت مدعو

قاہرہ :غزہ امن اجلاس میں پی ایم مودی کی جگہ کون؟کئی ممالک کے سربراہان مملکت مدعو

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 13, 2025 IST

قاہرہ :غزہ امن اجلاس میں پی ایم مودی کی جگہ کون؟کئی ممالک کے سربراہان مملکت  مدعو
غزہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے نفاذ کے بعد مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں تاریخی سربراہی اجلاس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس سربراہی اجلاس کی صدارت مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔ اس سمٹ میں تقریباً 20 ممالک کے سربراہان مملکت کو مدعو کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سمٹ میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی مدعو کیا گیا ہے، تاہم پی ایم مودی کی جگہ ایک خصوصی ایلچی بھیجا گیا ہے۔
 
خیال رہے کہ  غزہ اور مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے منعقد ہونے والی اس سمٹ میں فرانس، اٹلی، برطانیہ، امریکا اور پاکستان کے سربراہان مملکت بھی شرکت کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن وزیر اعظم مودی کی جگہ سمٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ کیرتی وردھن سمٹ میں شرکت کے لیے مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔ اس بات کی تصدیق انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کی۔
 
مصر نے سربراہی اجلاس کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شرم الشیخ امن اجلاس کی صدارت صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشترکہ طور پر کریں گے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ سربراہی اجلاس کا مقصد غزہ اور مشرق وسطیٰ میں جامع امن قائم کرنا ہے۔
 
قابل ذکر ہے کہ امریکہ کی طرف سے تجویز کردہ جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں جنگ کو مستقل طور پر ختم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یہ معاہدہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں قطر، مصر اور امریکہ کی ثالثی میں ہوا۔ اب مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے شرم الشیخ سربراہی اجلاس مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں منعقد ہو رہا ہے۔
 
واضح رہے کہ غزہ میں گزشتہ دو سالوں سے جاری جنگ بلآخر معاہدہ کے تحت اختتام پذیر ہو چکا ہے۔اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ نافذالعمل ہوگیا ہے۔معاہدہ کے تحت آج 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 1700 سے زائد فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا عمل کیا جا رہا ہے۔یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے کے لیے ریڈ کراس کی گاڑیاں غزہ کے علاقے دیرالبلاح پہنچ گئی ہیں۔