• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • نتیش کماروزیر اعلیٰ اور قانون ساز کونسل سےاس تاریخ کو دے سکتے ہیں استعفی ؟

نتیش کماروزیر اعلیٰ اور قانون ساز کونسل سےاس تاریخ کو دے سکتے ہیں استعفی ؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Mar 27, 2026 IST

نتیش کماروزیر اعلیٰ اور قانون ساز کونسل سےاس تاریخ کو دے سکتے ہیں استعفی ؟
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار 30 مارچ کو قانون ساز کونسل سے استعفیٰ دینے کے بعد وزیر اعلیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہو سکتے ہیں۔ راجیہ سبھا انتخابات میں ان کی جیت کے بعد یہ اقدام متوقع ہے۔ آئین کے مطابق کوئی فرد بیک وقت مقننہ کے دونوں ایوانوں میں رکنیت نہیں رکھ سکتا۔ ایسے شخص کے لیے 14 دنوں کے اندر کسی ایک میں اپنی نشست چھوڑنا لازمی ہے۔ اس کے نتیجے میں، نتیش اب 30 مارچ کو قانون ساز کونسل اور وزیر اعلیٰ دونوں عہدوں سے استعفی دے سکتے ہیں۔
 
خاص طور پر 30 مارچ کو استعفیٰ کیوں ؟
 
اطلاعات کے مطابق نتیش نے 16 مارچ کو راجیہ سبھا کا انتخاب جیتا تھا۔ یہ مقررہ مدت 30 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ مزید برآں، بہار قانون ساز اسمبلی اور کونسل فی الحال 29 مارچ تک تعطیل پر ہیں۔ اس لیے جیسے ہی 30 مارچ کو ایوان کی کاروائی دوبارہ شروع ہوگی، توقع ہے کہ وہ باضابطہ طور پر قانون ساز کونسل کے چیئرمین کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیں گے۔
 
نتیش جے ڈی یو کے صدر منتخب:
 
غور طلب ہے کہ گزشتہ منگل (24 مارچ)، نتیش کو جے ڈی یو کے بلامقابلہ صدر منتخب کیا گیا تھا، کیونکہ کسی اور امیدوار نے پارٹی کے اعلیٰ عہدے کے لیے پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا تھا۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل للن سنگھ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد نتیش دسمبر 2023 سے پارٹی صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ راجیہ سبھا کے سابق ممبر پارلیمنٹ اور ریٹرننگ آفیسر انیل پرساد ہیگڑے نے نتیش کے جے ڈی یو صدر کے طور پر انتخاب کا باضابطہ اعلان کیا۔
 
ایم ایل اے بنے بغیر بہار پر حکومت کی:
 
نتیش نے آخری بار 2004 میں (نالندہ سے) لوک سبھا کا انتخاب لڑا تھا۔ تب سے، وہ مسلسل قانون ساز کونسل کے رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بننے کے لیے دو ایوانوں میں سے کم از کم کسی ایک (قانون ساز اسمبلی یا قانون ساز کونسل) میں رکنیت رکھنا لازمی ہے۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے اپنے پورے دور میں انہوں نے قانون ساز کونسل کے راستے سے داخل ہو کر مقننہ میں اپنی موجودگی برقرار رکھی۔ وہ کافی عرصے تک بہار کے وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔ اب یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ قومی سیاست میں مزید فعال ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔