Friday, March 13, 2026 | 23 رمضان 1447
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس:سڑکوں کی ترقی کے منصوبوں اور پیش رفت پر کیاگیاتبادلہ خیال

چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس:سڑکوں کی ترقی کے منصوبوں اور پیش رفت پر کیاگیاتبادلہ خیال

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Mar 12, 2026 IST

چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس:سڑکوں کی ترقی کے منصوبوں اور پیش رفت پر کیاگیاتبادلہ  خیال
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ روڈس اینڈ بلڈنگ کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔اس موقع پر وزیر کومٹی ریڈی وینکٹ ریڈی، اسپیشل سی ایس وکاس راج، سی ایم کے پرنسپل سکریٹری سری نواس راجو اور سینئر عہدیدار موجود تھے۔اس میٹنگ میں 2047 کے ویژن دستاویز کے مطابق ریاست میں سڑکوں کی ترقی کے منصوبوں اور پیش رفت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
 
  اس سلسلہ میں چیف منسٹر نے عہدیداروں کو مختلف تجاویز اور ہدایات دیں۔  چیف منسٹر نے کہاکہ سڑکوں کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگ مقررہ وقت میں حیدرآباد شہر سے ریاست میں کہیں بھی پہنچ سکیں۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شہر حیدرآباد کو ٹریفک فری شہر بنانے کیلئے رابطہ سڑکوں کی ترقی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی نشاندہی کریں۔ریونت ریڈی نے مزید کہاکہ پہلے سے نشاندہی شدہ علاقوں میں سڑکوں کے ترقیاتی کام شروع کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔
 
تلنگانہ کے نئے ڈی جی پی کیلئے حکومت نے یو پی ایس سی کو روانہ کئے چا رنام
 
حیدرآباد کے سابق پولیس کمشنر سی وی آنند کو ریاست کا آئندہ ڈی جی پی بنائے جانے کے امکانات ہیں۔ ریاستی حکومت نے یو پی ایس سی کو چار سینئر آئی پی ایس افسران کی فہرست بھیجی ہے۔ قابل اعتماد ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت 1991 بیچ کے سینئر آئی پی ایس افسر سی وی آنند کی حمایت کر رہی ہے۔ سی وی آنند کے ساتھ ونائک پربھاکر آپٹے، سومیا مشرا اور شیکھا گوئل کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔ نئے ڈی جی پی کی تقرری کے سلسلے میں یو پی ایس سی کے تین پینل کمیٹی کے ارکان کی میٹنگ دہلی میں ہوگی۔ 
 
چونکہ ریاست کے چیف سکریٹری رام کرشن راؤ بھی اس کمیٹی کے رکن ہیں، اس لیے وہ دہلی میں ہونے والی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ یو پی ایس سی کمیٹی موصولہ چار ناموں کی فہرست کی جانچ کرے گی اور سپریم کورٹ کے قواعد کے مطابق ڈی جی پی کی تقرری کیلئے تین ناموں کی حتمی فہرست ریاستی حکومت کو بھیجے گی۔ ریاستی حکومت ان میں سے ایک کو کل وقتی ڈی جی پی مقرر کرے گی۔
 
 ریاستی حکومت نئے ڈی جی پی کی تقرری کا عمل مکمل کرے گی کیونکہ موجودہ ڈی جی پی شیودھر ریڈی کی میعاد آئندہ ماہ کے آخر میں ختم ہورہی ہے۔ سپریم کورٹ نے پہلے ہی حکم دیا ہے کہ پرکاش سنگھ کیس میں ڈی جی پی کی تقرری کے سلسلے میں دیے گئے احکامات پر عمل کیا جانا چاہیے۔سپریم  کورٹکے مطابق اگر اس معاملے میں کوئی تاخیر ہوتی ہے تو یو پی ایس سی متعلقہ ریاستی حکومتوں کو خط لکھ کر انہیں تقرری کے عمل کی یاد دہانی کرائے  ۔