چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے منگل کی شام تک کسانوں کو معاوضہ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم ہر اس کسان کا ساتھ دیں گے جس کی فصل کو بے وقت بارش سے نقصان پہنچا ہے۔ چیف منسٹر نے واضح کیاکہ آسمانی بجلی گرنے سے مرنے والوں کو بھی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں سے غلہ خریدا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مشورہ دیا کہ خریداری نہ کرنے کی بات نہیں ہونی چاہئے اور آفات کے وقت حکام انسانیت سے کام لیں۔ وزیراعلیٰ نے ضلع کلکٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی۔
اس دوران انہوں نے مزید دو دن چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی ۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق 2,224 ایکڑ پر دھان اور 138 ایکڑ پر باغبانی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فصل کے نقصان کا فوری تخمینہ لگائے اور نقصان کا سامنا کرنے والے ہر کسان کو حکومت سے معاوضہ دیا جائے۔ انہوں نے آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہونے والے 8 افراد کے لواحقین کو فوری معاوضہ فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔ چندرا بابو نے گزشتہ دو دنوں سے ریاست میں ہو رہی بارش کے بارے میں سیکرٹریٹ میں زراعت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے افسران کے ساتھ جائزہ لیا۔ ضلع کلکٹرس نے بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اس جائزہ میں شرکت کی۔
آندھراپردیش کے مختلف مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری :
آندھراپردیش کے مختلف مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ تروملا کے کئی مقامات پر آج صبح سے بارش جاری ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کچھ مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ شدید بارش کی وجہ سے ریلوے اور بس اسٹیشن پر ٹہرے لوگوں کو سواری میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ بعض سڑکوں پر بھی پانی جمع ہونے سے ٹریفک مسائل پیدا ہوئے۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے کہاکہ یہ صورتحال مزید ایک دو دن برقرار رہ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مقامی شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔