Tuesday, October 28, 2025 | 06, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • دربھنگہ: چھٹھ کی رات 22 سالہ نوجوان کو گولی مار کر قتل، تہوار سوگ میں تبدیل

دربھنگہ: چھٹھ کی رات 22 سالہ نوجوان کو گولی مار کر قتل، تہوار سوگ میں تبدیل

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 28, 2025 IST

دربھنگہ: چھٹھ کی رات 22 سالہ نوجوان کو گولی مار کر قتل، تہوار سوگ میں تبدیل
چھٹھ تہوار کی خوشیوں کے درمیان دربھنگہ میں ایک دردناک واقعے نے پورے علاقے کو غم گین کر دیا ہے۔دھوئی نوٹولی وارڈ نمبر 13 میں رہنے والے 22 سالہ سنتوش کمار یادو کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ اس واردات نے نہ صرف شہر میں سنسنی پھیلا دی بلکہ تہوار کی رات کو  سوگ میں بدل کر رکھ دیا ۔دوسری طرف، متاثرہ خاندان کی شکایت پر پولیس ملزموں کی تلاش میں مصروف ہے۔ پولیس نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ ملزموں کو جلد پکڑ لیا جائے گا۔
 
کیا ہے پورا معاملہ؟
  
سنتوش کمار یادو آنجہانی مکیش کمار یادو کے بیٹے تھے۔ وہ دھوئی پیپر چوک کے قریب واقع تھاکر کوچنگ سینٹر کے سامنے منعقدہ بھوج میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ بھوج کے دوران کچھ نوجوان شراب کے نشے میں ہنگامہ آرائی کرنے لگے۔ انہوں نے وہاں موجود لوگوں سے بدتمیزی اور مارپیٹ شروع کر دی۔ اسی دوران سنتوش یادو نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی اور کسی طرح جھگڑے کو شانت کرایا۔
 
معلومات کے مطابق، جب ماحول کچھ شانت ہوا اور سنتوش وہاں سے اپنے گھر کی طرف لوٹ رہے تھے، تبھی وہ انہی نشے میں دھت نوجوانوں کے نشانے پر آ گئے۔ الزام ہے کہ نوجوانوں نے بائیک سے اوور ٹیک کرتے ہوئے سنتوش پر تین گولیاں چلائیں۔ گولیاں لگتے ہی سنتوش شدید زخمی ہو کر زمین پر گر پڑے۔
 
واقعے کے بعد خاندان میں کوہرام مچ گیا:
 
مقامی لوگوں نے فوراً انہیں ڈی ایم سی ایچ (دربھنگہ میڈیکل کالج ہسپتال) پہنچایا، لیکن وہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد سنتوش کو مردہ قرار دے دیا۔ سنتوش کی موت کی خبر ملتے ہی اہل خانہ میں کوہرام مچ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی صدر تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور پورے معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔ پولیس نے واقعہ کی جگہ کا معائنہ کیا اور عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کی۔ آس پاس لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالنے کی کارروائی بھی شروع کی گئی ہے تاکہ ملزموں کی شناخت ہو سکے۔
 
ملزموں کی تلاش میں مصروف پولیس:  
 
پولیس افسران کے مطابق، یہ معاملہ آپسی تنازعہ اور نشے کی حالت میں ہوئی جھڑپ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ فی الحال لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے اور ملزموں کی تلاش میں چھاپہ ماری کی جا رہی ہے۔چھٹھ تہوار پر ہوئی اس ہلاکت نے پورے شہر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مجرموں کو جلد گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے تاکہ ایسی وارداتوں کی تکرار نہ ہو سکے۔