مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ 'امید مرکزی پورٹل'پر وقف املاک کے اپلوڈ کا عمل بند ہو چکا ہے۔پورٹل پر کوئی نئی پراپرٹی اپ لوڈ نہیں کی جا سکتی ہے۔ تاہم، پہلے سے اپ لوڈ کردہ پراپرٹیز کی تصدیق کا عمل جاری رہے گا۔ یہ پورٹل مرکزی اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے 6 جون 2025 کو لانچ کیا تھا ،جسے 6 دسمبر 2025 کو اس کی چھ ماہ کی مقررہ مدت ختم ہو نے کے بعد بند کر دیا گیا ہے۔یہ عمل امیدایکٹ 1995 اور سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کی بنیاد پر مکمل کیا گیا ۔
اقلیتی امور کی وزارت کے مطابق، جیسے جیسے آخری تاریخ قریب آئی، امیدپورٹل پر وقف املاک کی اپ لوڈنگ میں تیزی آئی۔ کئی جائزہ میٹنگز، تربیتی ورکشاپس، اور سکریٹری کی سطح کی مداخلتوں کی وجہ سے پچھلے چند گھنٹوں میں اپ لوڈز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔
امید پورٹل کے اعدادوشمار:
وزارت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کل 517,040 وقف املاک کو پورٹل پر اپ لوڈ کیا گیا۔
ان میں سے 216,905 جائیدادوں کو حکام نے منظوری دی ۔
جب کہ میکرز کے ذریعہ 213941 املاک داخل کرائی گئی تھیں،اور وہ ابھی تک عمل میں ہیں۔
10869 املاک کو تصدیق کے دوران منسوخ کیا گیا۔
اتر پردیش میں سب سے زیادہ وقف جائیدادیں رجسٹرڈ :
وقف پروگریس رپورٹ کے مطابق، اتر پردیش سنی وقف بورڈ نے پورٹل پر سب سے زیادہ جائیدادوں کا اندراج کیا ہے۔ کل 86,345 جائیدادوں کا اندراج کیا گیا۔ بورڈ نے 10,110 جائیدادیں بھی رجسٹر کیں، جو ملک میں سب سے زیادہ ہیں۔ اقلیتی امور کی وزارت نے اس قومی سطح کی مشق کے لیے مسلسل تربیت اور ورکشاپس کا اہتمام کیا۔ اپ لوڈ کرنے کے عمل کے بارے میں ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے حکام کو تربیت دینے کے لیے دہلی میں ایک دو روزہ ماسٹر ٹرینر ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔
وقف رجسٹریشن میں بے شمار مشکلات کا سامنا :
تکنیکی اور انتظامی ٹیمیں مختلف ریاستوں میں تعینات کی گئیں۔ ملک بھر میں سات زونل اجلاس منعقد کیے گئے، اور اپ لوڈنگ سے متعلق تکنیکی مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے وزارت کے دفتر میں ایک وقف ہیلپ لائن شروع کی گئی۔ اقلیتی امور کی وزارت کے سکریٹری چندر شیکھر کمار نے پورٹل کے آغاز کے بعد سے 20 سے زیادہ جائزہ میٹنگیں کی ہیں اور وقف املاک کے ڈیٹا کو بروقت اپ لوڈ کرنے کو یقینی بنانے کے لیے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی مسلسل رہنمائی اور نگرانی کی ۔ اس کے باوجود، پورٹل کو اہم تکنیکی خرابیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ متولیوں نے اکثر مسائل کی اطلاع بھی دی ۔تاہم اب ' پورٹل'پر وقف املاک کے اپلوڈ کا عمل روک دیا گیا ہے۔اب پورٹل پر کوئی نئی پراپرٹی اپ لوڈ نہیں کی جا سکتی ہے۔