دہلی۔این سی آر میں شدید سردی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور فی الحال موسم میں بہتری کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد میں اگرچہ دھوپ کھلی ہوئی ہے، لیکن اس کے باوجود درجۂ حرارت میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو سکا۔محکمۂ موسمیات کے مطابق گروگرام میں درجۂ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے گر گیا ہے، جس سے سردی نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دو دن تک موسم مزید خراب رہنے کا امکان ہے اور لوگوں کو شدید سردی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سردی کی اس لہر کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گرم لباس استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
آگرہ میں شدید دھند نے ہر منظر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے باعث مشہور تاریخی مقام تاج محل کا منظر بھی دھند میں چھپ گیا۔ تاج ویو پوائنٹ پر نظر کی حد تقریباً صفر رہ گئی، جس سے سیاحوں اور مقامی شہریوں کے لیے نقل و حرکت میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کی شدت کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی اور نم کی مقدار زیادہ ہو گئی ہے، اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وہیں دوسری طرف یوم جمہوریہ کے پیش نظردہلی میں یومِ جمہوریہ 2026 کی شاندار پریڈ کی تیاریوں کے سلسلے میں انڈیا گیٹ کے قریب ریہرسل کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ صبح کے وقت فوجی دستوں، نیم فوجی اہلکاروں اور مختلف ریاستوں کی جھانکیوں نے منظم انداز میں مارچ اور مشقیں کیں۔ریہرسل کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ منتظمین نے پریڈ کے ہر پہلو کو حتمی شکل دینے پر توجہ دی۔ یومِ جمہوریہ کی تقریبات کو یادگار بنانے کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔