دہلی-این سی آر کے کئی اسکولوں کو ایک بار پھر بم کی دھمکیاں ملی ہیں۔ سب سے پہلے مشرقی دہلی کے میور وہار فیز 1 میں واقع اسکول کو دھمکی ملنے کی اطلاع ملی۔ جس کے بعد پولیس چوکس ہوگئی اور تفتیش شروع کردی۔ معلومات کے مطابق دہلی کے میور وہار فیز 1 میں واقع الکون پبلک اسکول کو جمعہ کی صبح بم کی دھمکی ملی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بم کی دھمکی ملنے کے بعدطالب علموں کو گھر واپس بھیج دیا گیا ۔ ساتھ ہی، حکام معاملے کی جانچ کر رہے ہیں اور دہلی اور نوئیڈا کے اسکولوں میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
دوسری طرف نوئیڈا کے شیو نادر اسکول کو بھی ای میل کے ذریعے دھمکی دی گئی ہے۔ ڈی سی پی نوئیڈا رام بدن سنگھ نے کہا کہ شیو نادر اسکول میں اسپیم میل کے ذریعے بم کی دھمکی ملنے پر ایکسپریس وے پولیس اسٹیشن کی ٹیم، بم اسکواڈ، فائر بریگیڈ، ڈاگ اسکواڈ اور بی ڈی ڈی ایس کی ٹیم فوری طور پر تمام جگہوں کی جانچ کررہی ہے۔ پولیس کے اعلیٰ حکام نے حالات کا جائزہ لیا۔ مزید سائبر ٹیم کی جانب سے ای میل کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس سے قبل جنوبی دہلی کے انڈین پبلک اسکول اور شمال مغربی دہلی کے کریسنٹ پبلک اسکول کو بھی بم کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ گزشتہ سال 20 دسمبر کو دوارکا کے دہلی پبلک اسکول (DPS) میں بم کی دھمکی دی گئی تھی۔ 11 دسمبر کو دہلی کے 40 سے زیادہ اسکولوں کو دھمکیاں موصول ہوئیں، حالانکہ ان تمام معاملے میں حالات معمول پر ہیں ۔تاہم دہلی ہائی کورٹ نے اس طرح کی بار بار دھمکیوں کا نوٹس لیا تھا۔ اس کے علاوہ، دہلی حکومت اور دہلی پولیس کو اس طرح کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک تفصیلی معیاری آپریٹنگ پروسیجر (SOP) تیار کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔