ممبئی: ساؤتھ انڈین اداکار دھنوش اور بالی ووڈ اداکارہ مرونال ٹھاکر گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی ذاتی زندگی اور مبینہ تعلقات کی خبروں کے باعث سرخیوں میں ہیں۔ اگرچہ دونوں فنکاروں نے کبھی بھی اپنے درمیان کسی رومانوی رشتے کی تصدیق نہیں کی، تاہم تازہ رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دونوں نے مبینہ طور پر ایک دوسرے سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
فلم فیئر کی ایک رپورٹ کے مطابق، دھنوش اور مرونال ٹھاکر کے درمیان تعلقات کے خاتمے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ تاہم، اس مبینہ بریک اپ کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی دھنوش یا مرونال ٹھاکر نے ان خبروں پر کبھی کوئی ردعمل دیا ہے۔
دونوں کے درمیان تعلقات کی افواہیں اس وقت زور پکڑ گئیں جب دھنوش فلم سن آف سردار 2 کے پریمیئر میں شریک ہوئے، جس میں مرونال ٹھاکر نے اجے دیوگن کے ساتھ کام کیا ہے۔ اس تقریب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں دونوں فنکار ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے نظر آئے۔ اس کے بعد شائقین کے درمیان ان کے تعلقات کے حوالے سے قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ تاہم، مرونال ٹھاکر پہلے ہی ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے دھنوش کو اپنا قریبی دوست قرار دے چکی ہیں۔
دھنوش کی ذاتی زندگی کی بات کریں تو وہ سپر اسٹار رجنی کانت کی بیٹی ایشوریا رجنی کانت کے سابق شوہر ہیں۔ دونوں نے 18 نومبر 2004 کو شادی کی تھی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔ بعد ازاں دونوں نے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
فلمی محاذ پر دھنوش آخری بار ایکشن ڈرامہ فلم واتھی میں نظر آئے تھے۔ وہ اس وقت اپنی آئندہ فلم کبیرا کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کی ہدایت کاری سیکھر کمولا کر رہے ہیں۔ اس فلم میں مموٹی، سری لیلا اور سائی پلاوی بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔