Wednesday, April 22, 2026 | 04 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • “ہر کھانسی صرف نزلہ نہیں ہوتی”۔ بچوں کی پھیپھڑوں کی صحت پر ماہرین کی اہم آگاہی

“ہر کھانسی صرف نزلہ نہیں ہوتی”۔ بچوں کی پھیپھڑوں کی صحت پر ماہرین کی اہم آگاہی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Apr 22, 2026 IST

“ہر کھانسی صرف نزلہ نہیں ہوتی”۔ بچوں کی پھیپھڑوں کی صحت پر ماہرین کی اہم آگاہی
 منصف ٹی کے مقبول پروگرام ہیلتھ اور ہم میں انکورا اسپتال عطاپورحیدرآباد کی کنسلٹنٹ پیڈیاٹرک پلمونولوجسٹ ڈاکٹر کاویا چکّم نے شرکت کی۔ انھوں نے خصوصی پروگرام میں بچوں میں کھانسی اور پھیپھڑوں کی بیماریوں سے متعلق اہم معلومات فراہم کی ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ بچوں میں کھانسی ایک عام علامت ضرور ہے لیکن ہر کھانسی صرف نزلہ زکام نہیں ہوتی۔ بعض اوقات یہ دمہ، الرجی یا پھیپھڑوں کی کسی سنگین بیماری کی نشاندہی بھی کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق آلودگی، گرد و غبار اور غیر صاف ماحول بچوں میں سانس کی بیماریوں کے بڑے اسباب ہیں۔
 
ڈاکٹر کاویا نے بتایا کہ اگر بچے رات کے وقت سانس لیتے ہوئے سیٹی جیسی آواز نکالیں، منہ کھول کر سانس لیں یا بار بار کھانسی کا شکار ہوں تو یہ دمہ یا ایئر وے الرجی کی علامت ہو سکتی ہے۔ اسی طرح بعض جینیاتی بیماریاں جیسے سسٹک فائبروسس بھی بار بار کھانسی اور انفیکشن کا باعث بنتی ہیں۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بچوں میں وزن کا نہ بڑھنا، بار بار نمونیا ہونا اور ہاضمے کے مسائل بھی خطرے کی علامت ہو سکتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ علامات کو نظر انداز نہ کریں اور بروقت ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
 
ماہر کے مطابق انحلر (Inhaler) کا استعمال بچوں کے لیے محفوظ اور مؤثر ہے، جبکہ نیبولائزیشن کے مقابلے میں کم مقدار میں دوا زیادہ مؤثر طریقے سے پھیپھڑوں تک پہنچتی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ گھروں میں صفائی، دھول اور آلودگی سے بچاؤ، اور بروقت ویکسینیشن بچوں کے پھیپھڑوں کو صحت مند رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
 
پروگرام کے اختتام پر ماہرین نے کہا کہ “ہر کھانسی کو معمولی سمجھنا خطرناک ہو سکتا ہے، بروقت تشخیص ہی بہتر علاج کی ضمانت ہے۔”۔
 
 قارئین آپ  ڈاکٹر کاویا کی   مکمل  بات چیت یہاں دیئے گئے ویڈیو میں دیکھ سکتےہیں۔