منصف ٹی وی کی جانب سے نشر کیے جانے والے خصوصی ہیلتھ پروگرام ’ہیلتھ اور ہم‘ میں آج دانتوں کے علاج سے متعلق اہم موضوع “Root Canal Treatment” پر تفصیلی گفتگو پیش کی گئی۔ پروگرام میں معروف Cosmetic Dental Surgeon Dr. Sameena Ali نے شرکت کرتے ہوئے روٹ کینال علاج، دانتوں کی حفاظت، جدید ڈینٹل ٹیکنالوجی اور منہ کی صحت سے متعلق ناظرین کو مفید معلومات فراہم کیں۔
ڈاکٹر ثمینہ علی نے بتایا کہ روٹ کینال ٹریٹمنٹ ایک ایسا جدید طبی طریقہ ہے جس کے ذریعے خراب، متاثرہ یا شدید درد والے دانت کو نکالنے کے بجائے محفوظ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ دانت میں مسلسل درد، ٹھنڈا یا گرم لگنے، سوجن یا انفیکشن کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، جس کے باعث بعد میں دانت ضائع ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ دانت کے اندر موجود نرم حصہ “Pulp” کہلاتا ہے، اور جب اس میں انفیکشن پھیل جاتا ہے تو روٹ کینال علاج کی ضرورت پیش آتی ہے۔ اس عمل میں متاثرہ حصے کو صاف کرکے جراثیم ختم کیے جاتے ہیں اور بعد ازاں دانت کو محفوظ بنانے کے لیے فلنگ یا Crown لگایا جاتا ہے۔
پروگرام کے دوران ڈاکٹر ثمینہ علی نے اس غلط فہمی کو بھی دور کیا کہ روٹ کینال علاج انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور اینستھیزیا کی بدولت اب یہ علاج تقریباً درد سے پاک اور محفوظ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت علاج نہ کروانے سے انفیکشن جبڑوں اور جسم کے دیگر حصوں تک بھی پھیل سکتا ہے۔
انہوں نے عوام کو روزانہ دو مرتبہ برش کرنے، فلاس استعمال کرنے، میٹھی اشیاء کم کھانے اور ہر چھ ماہ بعد ڈینٹل چیک اپ کروانے کا مشورہ دیا۔ ان کے مطابق اچھی Oral Hygiene نہ صرف دانتوں بلکہ مجموعی صحت کے لیے بھی ضروری ہے۔
پروگرام میں ناظرین کے سوالات کے جوابات بھی دیے گئے، جن میں بچوں کے دانتوں کی حفاظت، دانتوں کی حساسیت، Cosmetic Dentistry اور Teeth Whitening جیسے موضوعات شامل تھے۔
قارئین آپ ڈاکٹر ثمینہ علی کی مکمل بات چیت اس ویڈیو میں دیکھ سکتےہیں۔