Tuesday, February 17, 2026 | 29, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • جگر کی آخری اسٹیج بیماریوں کا مؤثر علاج: اینستھیزیا کا کلیدی کردار

جگر کی آخری اسٹیج بیماریوں کا مؤثر علاج: اینستھیزیا کا کلیدی کردار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Feb 14, 2026 IST

جگر کی آخری اسٹیج بیماریوں کا مؤثر علاج: اینستھیزیا کا کلیدی کردار
منصف ٹی وی کی جانب سے نشر کیے جانے والے خصوصی پروگرام 'ہیلتھ اور ہم' میں آج جگر کی پیوند کاری کے دوران بے ہوشی کے اہم مرحلے یعنی Anaesthesia in Liver Transplant پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں معروف ماہر ڈاکٹر ایم جی گنیش چوہان نے اس حساس طبی عمل کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
 
مکمل جانکاری کے لیے ویڈیو دیکھیں:
 

ڈاکٹر چوہان کے مطابق لیور ٹرانسپلانٹ ایک پیچیدہ اور طویل سرجری ہے جس میں مریض کے ناکارہ جگر کو نکال کر صحت مند جگر لگایا جاتا ہے۔ اس عمل کے دوران اینستھیزیا نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ یہ نہ صرف مریض کو مکمل بے ہوشی میں رکھتا ہے بلکہ دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر، آکسیجن لیول اور خون کی روانی کو بھی مسلسل مانیٹر کرتا ہے۔ جگر چونکہ جسم کا مرکزی عضو ہے جو خون کی صفائی اور دیگر اہم افعال انجام دیتا ہے، اس لیے اس کی سرجری کے دوران معمولی سی پیچیدگی بھی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔
 
انہوں نے بتایا کہ لیور ٹرانسپلانٹ کے اینستھیزیا کو تین بڑے مراحل میں تقسیم کیا جاتا ہے:
 
پہلا مرحلہ مریض کو بے ہوش کرنے اور آپریشن کے لیے تیار کرنے کا ہوتا ہے۔دوسرا مرحلہ خراب جگر کو نکالنے کا ہے جس میں خون کے بہاؤ اور دباؤ کو خاص طور پر کنٹرول کیا جاتا ہے۔تیسرا مرحلہ نئے جگر کی پیوند کاری اور اس کے فعال ہونے کا ہے، جہاں ڈاکٹرز انتہائی باریکی سے مریض کی حالت کا جائزہ لیتے ہیں۔
 
ڈاکٹر چوہان کا کہنا تھا کہ اس عمل کے دوران خون کی کمی، بلڈ پریشر میں اچانک کمی یا زیادتی، اور خون جمنے کے مسائل جیسے خطرات موجود ہوتے ہیں۔ اسی لیے جدید مانیٹرنگ سسٹمز، تجربہ کار اینستھیزیا ٹیم اور مربوط طبی حکمت عملی ناگزیر ہوتی ہے۔
 
پروگرام میں یہ بھی بتایا گیا کہ لیور کی بیماریوں جیسے ہیپاٹائٹس، سروسس یا جگر کے کینسر کی آخری اسٹیج میں ٹرانسپلانٹ ہی واحد مؤثر علاج ہوتا ہے۔ کامیاب سرجری کے بعد مریض کو خصوصی نگہداشت، ادویات اور باقاعدہ فالو اپ کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ نیا جگر جسم میں قبول ہو سکے۔