ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی مویشی منڈیاں لگائی گئیں ہیں۔ مسلمان بقرعید کے موقع پر سنت ابراہیمی کی ادائیگی کےلئے دس، گیارہ اور بارہ ذوالحج کو بکرے اور بڑے جانوروں کی قربانی کرتےہیں۔ قربانی کے جانوروں کی خریداری میں نمایاں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ شہر سمیت دیہی علاقوں کی ہفتہ واری مویشی منڈیوں میں ان دنوں غیرمعمولی بھیڑ دیکھی جا رہی ہے۔ جہاں قربانی کیلئے بکروں کی خرید و فروخت زور و شور سے جاری ہے۔ خصوصاً حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں لگائی گئیں عارضی منڈیوں میں خریداروں کا زبردست ہجوم دیکھنے کو مل رہا ہے۔
10 ہزار سےلاکھوں روپیوں تک بکرے کی قیمت
تاجروں اور کسانوں کے مطابق اس بار بکروں کی مانگ میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ جس کے باعث قیمتیں بھی گزشتہ برسوں کے مقابلے کافی بڑھ گئی ہیں۔ منڈی میں10 ہزار روپے سے لے کرلاکھوں روپے تک کے بکرے دستیاب ہیں۔ جبکہ ان کی قیمت کا تعین وزن، صحت، نسل اور خوبصورتی کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ عام دنوں کے مقابلے عیدالاضحی کے موقع پر بکروں کی قیمتوں میں تقریباً 20،سے30، فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ قربانی کے جانور خریدنے کیلئے منڈیوں کا رخ کر رہے ہیں۔
مویشی منڈیوں میں ہجوم
گائے، بیل اور بچھڑوں کی قربانی نہیں کرنے کی علما اور سماجی تنظیموں کی جانب سے اپیل کی گئی ہے۔ اسی وجہ سے بکروں کی مانگ میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ عید سے ایک دن پہلے مویشی منڈیوں میں عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔ حیدرآبا کےمختلف علاقوں میں عارضی میویشی منڈیاں لگائی گئی ہیں۔ ملک پیٹ، چنچل گوڑہ، مہدی پٹنم ، ٹولی چوکی، سات گنبدروڈ، شیخ پیٹ،عطا پور، چندرائن گٹہ، نیا پل، سالارجنگ میوزیم ، خلوت، تالاب کٹہ، بارکس، جل پلی، سن سٹی، بنڈلہ گوڑہ جاگیر، عنبرپیٹ، پرانا پل، ضیا گوڑہ ، کاروان، آصف نگرجھرہ، کشن باغ ، ایرا گڈہ، سلطان نگر، صنعت نگر، امیر پیٹ، حفیظ پیٹ، چرلہ پلی، میڑچل، مولا علی، شاہ پیر پیٹ، یمجال، اور دیگر علاقوں میں بکروں کی خریداری زوروں پر ہے۔
جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ
قربانی کے جانوروں رواں سال گزشتہ سال سے مہنگے ہیں۔ جانوروں کی قیمتوں کا اثر ایران جنگ سے ہے۔ کیوں کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ سے ٹرانسپورٹ چارجز بڑھ گئےہیں۔ا ور ساتھ ہی جانوروں کی منتقلی کےلئے حکومت کی جانب سے سخت ہدایات جار ی کی گئی ہیں۔ جگہ جگہ چیک پوسٹ لگائے گئےہیں۔ چارے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اور عید قربانی کے موقع پر جانوروں کی مانگ میں اضافہ ہوتا ہے۔ عید کے موقع پر جانور کو ذبح کرنے کےلئے قصائی کا ملنا بھی بڑا اہم مرحلہ ہوتا ہے۔
سیکوریٹی کے کڑے بندوبست
شہر حیدرآباد سمیت تلنگانہ بھر میں بقرعید کی تقریبات کو پرامن اور تہوار کے ماحول میں منعقد کرنے کو یقینی بنانے کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ حفاظتی اقدامات کے حصے کے طور پر، پولیس نے اہم مقامات پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی ہیں، جو مزید ایک ماہ تک کام جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکمے امن و امان کو برقرار رکھنے اور تہوار کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ محکمہ پولیس نے تقریبات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے نگرانی اور حفاظتی انتظامات کو بھی تیز کر دیا ہے۔