Sunday, December 07, 2025 | 16, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • کانگریس حکومت میں کسانوں کو مشکلات کا سامنا،فوری اقدامات کی ضرورت:ہریش راو

کانگریس حکومت میں کسانوں کو مشکلات کا سامنا،فوری اقدامات کی ضرورت:ہریش راو

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Dec 07, 2025 IST

کانگریس حکومت میں کسانوں کو مشکلات کا سامنا،فوری اقدامات کی ضرورت:ہریش راو
سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے مطالبہ کیا ہے کہ تلنگانہ حکومت کسانوں کے لیے یوریا کی قلت کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کرے۔انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس کے دور حکومت میں ریاست کے کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت کے رویہ کو کسان برادری کیلئے نقصان دہ  قرار دیا۔ہریش راؤ نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پر کسان مخالف پالیسیوں پر عمل پیرا ہونے کا الزام لگایا جس نے کسانوں کو پریشانی میں دھکیل دیا ہے۔ ہریش راو نے کہاکہ نرسم پیٹ حلقہ کے دھرماراوپیٹ گاؤں کے کسان جمعہ کو وزیر اعلیٰ کے علاقے کے حالیہ دورے کے دوران یوریا کی خریداری کیلئے جدوجہد کرتے دیکھے گئے۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کسانوں کیلئے یوریا کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے میں ناکام رہے۔ بی آر ایس لیڈر نے کہاکہ چیف منسٹر گلوبل سمٹ اور ویژن 2047 کے بارے میں کئی وعدے کررہے ہیں لیکن پہلے انہیں کسانوں کو ضروری کھاد فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔
 
کانگریس پر انتخابی وعدوں کو نظرانداز کرنے بی جے پی کاالزام:
 
تلنگانہ بی جے پی کی جانب سے آج کانگریس حکومت کی اپنے انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں مبینہ طور پر ناکامی کے خلاف حیدرآباد کے دھرنا چوک پر احتجاج کیا۔ واضح رہے کہ آج تلنگانہ حکومت ریاست میں اقتدار کے دوسرے سال میں داخل ہوئی ہے۔ اس موقع پر تلنگانہ بی جے پی کے صدر این رام چندر راؤ نے کہاکہ کانگریس نے جھوٹے وعدہ کرکے اقتدار حاصل کیا۔ انہوں نے کہاکہ ان دوسالوں میں کانگریس نے اپنے تمام وعدوں کو فراموش کردیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت اپنی چھ انتخابی ضمانتوں اور 66 وعدوں کو پورا نہ کرکے لوگوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔
 
 کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد  ریاست کو ملی نئی تقویت:ریونت ریڈی 
 
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد تلنگانہ کو کئی شعبوں میں ملک میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ تلنگانہ چاول کی پیداوار، لاء اینڈ آرڈر اور چرس کے خاتمے میں سرفہرست ہے اور یہ جلد ہی تعلیم اور طبی شعبوں میں اسی مقام پر پہنچ جائے گا۔ ریونت ریڈی نے نلگنڈہ ضلع کے دیوراکونڈا میں منعقدہ پرجاپالانہ وجی تسو سبھا میں شرکت کی اور کئی ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے سابق چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے خاندان پر کڑی تنقید کی۔
 
انہوں نے کہا کہ دس سال کی حکمرانی میں کے سی آر خاندان نے ریاست کو 8 لاکھ کروڑ روپے کا مقروض کر دیا ہے۔ باپ، بیٹے، بیٹی اور داماد نے ریاست کو لوٹا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کے ٹی آر ۔بی آر ایس کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ جب تک وہ ہیں لوگ اس پارٹی کو نقصان پہنچاتے رہیں گے۔ انہوں نے ڈبل بیڈروم مکانات کے مسئلہ پر بی آر ایس کو چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان دیہاتوں میں ووٹ مانگیں گے جہاں اندراما گھر دیئے گئے تھے ۔ریونت ریڈی نے الزام لگایا کہ بی آر ایس حکومت نے ایس ایل بی سی پراجکٹ کو، جوکہ نلگنڈہ ضلع کی جان ہے، کو دس سال تک نظر انداز کیا۔