Sunday, November 02, 2025 | 11, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • وائی ایس آر کانگریس لیڈر جوگی رمیش گرفتار،شراب گھوٹالہ معاملہ میں کاروائی

وائی ایس آر کانگریس لیڈر جوگی رمیش گرفتار،شراب گھوٹالہ معاملہ میں کاروائی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Nov 02, 2025 IST

 وائی ایس آر کانگریس لیڈر جوگی رمیش گرفتار،شراب گھوٹالہ معاملہ میں کاروائی
وائی ​​ایس آر سی پی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر جوگی رمیش کو اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے جعلی شراب کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔ انہیں آج صبح کرشنا ضلع کے ابراہیم پٹنم میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ڈرامائی پیش رفت کے درمیان گرفتار کیا گیا۔ اس گرفتاری نے اے پی کے سیاسی حلقوں میں زبردست ہلچل مچا دی ہے۔تفصیلات کے مطابق آج صبح ایس آئی ٹی کے عہدیدار بھاری پولیس فورس کے ساتھ جوگی رمیش کے گھر پہنچے۔ ایس آئی ٹی نے پہلے جوگی رمیش کے ماتحت کام کرنے والوں کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا ۔ بعدازاں جوگی رمیش کو بڑے ڈرامے کے درمیان گرفتار کر لیا گیا۔ 
 
اس بات کا علم ہونے کے بعد بڑی تعداد  میں وائی ایس آر سی پی کارکنان ان کے گھر پہنچ گئے۔ تاہم جوگی رمیش فوری طورپر پولیس کی گاڑی میں سوار ہوگئے۔ ذرائع کے  مطابق جوگی رمیش کو اس کیس کے مرکزی ملزم جناردھن راو کے بیان کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جناردھن راؤ نے تحقیقات کے دوران انکشاف کیا کہ اس نے جوگی رمیش کے اکسانے پر جعلی شراب بنائی تھی۔ اس بیان کو کلیدی بنیاد کے طور پر لیتے ہوئے ایس آئی ٹی حکام نے مزید کارروائی کی۔تاہم جوگی رمیش شروع سے ہی ان الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے پہلے ہی واضح کیا تھا کہ حکومت ان کے خلاف سیاسی انتقام میں مصروف ہے اور اس کیس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ 
 
اس دوران سابق وزیر جوگی رمیش کی گرفتاری پر بی جے پی نیشنل کونسل ممبر یامنی شرما نے اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ یادمنی شرما نے کہاکہ بی جے پی آندھرا پردیش سے افریقہ تک پھیلے ہوئے ایک بڑے جعلی شراب سکینڈل کے سلسلے میں سابق وزیر جوگی رمیش کی گرفتاری کا پرزور خیر مقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے شراب کیس میں رمیش اور اس کے بھائی جوگی رام کے خلاف ثبوت اکٹھے کیے ہیں۔  انہوں نے یقین ظاہر کیاکہ ایس آئی ٹی کی تحقیقات کے بعد اس کیس میں مزید پیشرفت ہوگی ۔ بی جے پی لیڈر نے کہاکہ اس کیس کے قصورواروں کے خلاف سخت کاروائی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جوگی رمیش نے سیاسی انتقام کا دعویٰ کیا ہے لیکن تحقیقات نے ان کے جھوٹ کو بے نقاب کردیا ہے۔