حیدرآباد میں گنیش وسرجن کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ وسرجن اتوار کی سہ پہر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ جی ایچ ایم سی نے اعلان کیا کہ اب تک دو لاکھ 60 ہزار سے زیادہ گنیش مورتیوں کا وسرجن کیا جا چکا ہے۔ ایل بی نگر میں 35,994۔ شیرلنگم پلی پلی میں 41،360، کوکٹ پلی میں 62،405، چارمینار میں 22،304، خیریت آباد میں 63،019، اور سکندرآباد میں 36،251 مورتیوں کا وسرجن کیا گیاہے۔ پولیس نے کہا کہ اتوار کی رات 11 بجے تک لاریوں کو حیدرآباد شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ حسین ساگر کے ارد گرد ٹریفک کی پابندی شام تک جاری رہے گی۔ پرائیویٹ بسوں کے حیدرآباد میں صبح 10 بجے تک داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ٹینک بنڈ کے آس پاس کے علاقے عقیدت مندوں سے بھرے ہوئے ہیں۔
کئی علاقوں میں ٹریفک پر پابندیاں :
اس موقع پر کسی قسم کی تکلیف سے بچنے کیلئے حیدرآباد کے کئی علاقوں میں ٹریفک پر پابندیاں عائد ہیں۔ گنیش وسرجن کیلئے 30 ہزار پولیس عہدیداروں کی خدمات حاصل ی گئی جبکہ ڈرون کیمروں سے بھی اس کی نگرانی کی گئی۔ اس دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وسرجن کے انتظامات کا معائنہ کرنے کیلئے ٹینک بنڈکا اچانک معائنہ کرکے سب کو حیران کردیا۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے کہاکہ انہیں خوشی ہے کہ ریاست میں گنیش وسرجن پرامن طریقہ سے انجام دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ اجتماعی گنیش تہوار کی تقریبات کی روایت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں کی ستائش کی جنہوں نے وسرجن کو پرامن بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ چیف منسٹر نے پولیس سے تعاون کرنے پر عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔
بغیر کسی رکاوٹ کے پر امن طورپر جاری :
گنیش وسرجن کا عمل شہر میں بغیر کسی رکاوٹ کے پر امن طورپر جاری ہے۔ پولیس کمشنر سی وی آنند نے کہاکہ خیریت آباد اور بالاپور کے اہم گنیش مورتیوں کے ساتھ دوسری موریوں کا وسرجن کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے۔ سی وی آنند نے کہاکہ چھوٹے جلوسوں کو بڑے مورتیوں کے ساتھ ملاکر روانہ کیا گیا جس سے ٹریفک مسائل پید نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ وسرجن کیلئے حسین ساگر کے اطراف 40 کرینوں کو رکھا گیا۔ سی وی آنند نے کہا کہ صورتحال کی نگرانی کمانڈ کنٹرول سنٹر سے بھی کی گئی۔ انہوں نے منڈپ منتظمین کی جانب سے مکمل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وسرجن کا عمل آج سہ پہر تک مکمل ہوجائے گا:
انہوں نے کہا کہ وسرجن کا عمل اتوار کی صبح بھی جاری ہے جو آج سہ پہر تک مکمل ہوجائے گا۔ سی وی آنند نے کہاکہ اتوار ہونے کی وجہ سے آج صبح وسرجن کی وجہ سے ٹریفک میں کوئی خلل پیدا نہیں ہوا۔ سی وی آنند نے کہاکہ اس مرتبہ گذشتہ سے زیادہ مورتیوں کا وسرجن کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ اس بار وسرجن کے دوران آئی ٹی ایپ اور 9 ڈرونز کی مدد سے جلوس کی نگرانی اور کوریج کی گئی۔ حیدرآباد پولیس کمشنر نے تمام کاروائی پرامن طریقہ سے مکمل ہونے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔