ہریانہ کے گروگرام میں بی ایم ایل منجال یونیورسٹی کے ہاسٹل میں ایک بی ٹیک طالبہ کی لاش ملنے سے ہنگامہ مچ گیا۔ طالبہ کی شناخت بھومیکا گپتا (23) کے طور پر ہوئی ہے۔تیسرے سال کی انجینئرنگ کی طالبہ راجستھان کے الور کی رہائشی تھی۔ اس کی لاش سدھراولی میں واقع یونیورسٹی کے ہاسٹل کے کمرے میں ایک ہک سے لٹکی ہوئی ملی۔تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ طالبہ نے خودکشی کی ،یا پھر یہ ایک قتل ہے۔کیوں کہ واقعہ سے قبل لڑکی اپنی دوست کی سالگرہ سے لوٹی تھی، جو کہ ایک خوشی کی محفل تھی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ فورنزک ماہرین نے تفصیلی تحقیقات کی ہیں۔
واقعے سے کچھ دیر پہلے طالبہ دوست کی سالگرہ کی تقریب سے واپس آئی تھی
میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھومیکا ہاسٹل میں شامبھوی نامی طالبہ کے ساتھ ایک ہی کمرے میں رہتی تھی۔پیر کے روز اس کی دوست، جو ہاسٹل کی دوسری منزل پر رہتی تھی، کی سالگرہ تھی، جسے منانے کے لیے تینوں باہر گئے تھے اور رات 12 بجے واپس آئے۔اس کے بعد شامبھوی دوسری منزل پر اپنی دوست کے کمرے میں چلی گئی اور بھومیکا اپنے کمرے میں اکیلی رہ گئی۔ رات 2 بجے جب شامبھوی واپس آئی تو کمرے کا دروازہ اندر سے بند تھا۔
بھومیکا بالکل ٹھیک تھی
شامبھوی نے پولیس کو بتایا کہ دروازہ نہ کھلنے پر اس نے ہاسٹل کے وارڈن کو بلایا، جنہوں نے ایک پلمبر کو بلا کر دروازہ تڑوایا۔اندر بھومیکا کی لاش ایک چنی کے سہارے دیوار کے ہک سے لٹکی ہوئی تھی۔ اس کے بعد صبح 4 بجے پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے طالبہ کے اہلخانہ کو بھی مطلع کر دیا ہے۔شامبھوی نے بتایا کہ بھومیکا کا رویہ بالکل نارمل تھا اور اس کے دونوں سمسٹروں میں تسلی بخش نمبر تھے۔ پڑھائی کا کوئی دباؤ بھی نظر نہیں آتا تھا۔
خودکشی کے خیالات کے لیے یہاں سے مدد لیں
اگر آپ یا آپ کے جاننے والے کسی بھی قسم کے تناؤ سے گزر رہے ہیں اور خودکشی کے خیالات آ رہے ہیں تو براہ کرم سماجی انصاف و اختیارات کے وزارت کے ہیلپ لائن نمبر 1800-599-0019 یا آسرا این جی او کے ہیلپ لائن نمبر 91-22-27546669 پر رابطہ کریں۔