Sunday, June 15, 2025 | 19, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • دہلی ایئرپورٹ پر حجاج کرام کا والہانہ استقبال،چیئرپرسن کوثر جہاں نے پھولوں سے کیا خیرمقدم

دہلی ایئرپورٹ پر حجاج کرام کا والہانہ استقبال،چیئرپرسن کوثر جہاں نے پھولوں سے کیا خیرمقدم

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jun 13, 2025 IST     

image
نئی دہلیگذشتہ دنوں سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں حج 2025 کی تکمیل کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ سعودی ایئر لائن کی پرواز نمبر 3086 کے ذریعے 399 حجاج کرام کا پہلا قافلہ 12 جون کو دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 3 پر اترا۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں، ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی اور دیگر افسران و عملے نے تمام حجاج کرام کا پھولوں کے ہار پہنا کر والہانہ استقبال کیا۔ پہلی فلائٹ سے آنے والے کل 399 حجاج میں 188 خواتین اور 211 مرد حضرات شامل ہیں۔
 
اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے کہا کہ گزشتہ سال 2024 کے مقابلے میں اس سال کا حج بہت ہی آسان اور سہولت بخش رہا۔ اگرچہ سعودی عرب میں موسم کافی گرم اور خشک رہا، تاہم منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں بہتر انتظامات کے باعث حجاج کرام کو تمام مناسک حج آرام دہ اور آسانی سے ادا کرنے کا موقع ملا۔
 
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی کے مطابق 12 جون سے شروع ہونے والا حجاج کرام کی واپسی کا یہ سلسلہ آئندہ ماہ 10 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس دوران دہلی ایمبارکیشن پوائنٹ سے جانے والے کل 15069 حجاج کرام 37 پروازوں کے ذریعے واپس آئیں گے۔12 جون سے 25 جون تک واپس آنے والے حجاج سعودی عرب کے جدہ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے آئیں گے جبکہ 26 جون سے 10 جولائی تک آنے والے تمام حجاج مدینہ منورہ سے دہلی واپس ہوں گے۔ اس دوران دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے وطن واپس آنے والے حجاج کے لیے ''حج منزل'' میں قیام کی سہولت بھی فراہم کی ہے تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے حجاج دہلی پہنچنے کے بعد اپنی سہولت کے مطابق وہاں قیام کر سکیں۔