Tuesday, June 09, 2026 | 22 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • حیدرآباد میں موسلادھار بارش۔ کئی اضلاع میں ایلو الرٹ

حیدرآباد میں موسلادھار بارش۔ کئی اضلاع میں ایلو الرٹ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 09, 2026 IST

حیدرآباد میں موسلادھار بارش۔ کئی اضلاع  میں ایلو الرٹ
جنوب مغربی مانسون باضابطہ طور پر تلنگانہ میں داخل ہوگیا ہے، عوام کوطویل گرمی سے راحت ملی ہے۔ اور آنے والے دنوں میں ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر بارش کا مرحلہ طے ہوگا۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، مانسون 8 جون کو تلنگانہ کے کچھ حصوں میں آگے بڑھا اور جنوبی تلنگانہ کے جوگلامبا گڈوال ضلع میں پہنچ گیا ہے۔ منگل کی شام حیدرآباد شہر میں شدید بارش کے بعد، ہندوستانی محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی اضلاع کے لیے 'ایلو الرٹ' جاری کیا ہے۔ اس نے اگلے دو روز تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کے امکان سے خبردار کیا ہے۔

حیدرآباد میں موسلا دھار بارش

منگل کی شام کو ہوئی موسلا دھار بارش نے حیدرآباد کے باشندوں کو گرمی سے راحت بخشی، جو پچھلے کچھ دنوں سے شدید گرمی سے نبرد آزما تھے۔ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث شہر کے کئی علاقے زیر آب آگئے۔ ٹریفک نظام متاثر ہوگیا۔کوکٹ پلی، کے پی ایچ بی کالونی، میاں پور، ہائی ٹیک سٹی، چندا نگر، مشیرآباد، لکڑی کاپل، سرورنگر، کوٹھی،عابڈس، بشیر باغ، ٹینک بنڈ، نارائن گوڑا،  حمایت  نگر، باغ لنگم پلی، رام نگر اور دیگر کئی علاقوں میں شدید بارش ہوئی۔ جس سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا اور ٹریفک میں شدید خلل پڑا۔ نشیبی علاقوں  کے گھروں میں  پانی داخل ہوگیا۔

 پہلی بارش میں درخت، اور الیکٹرک پول اکھڑ گئے

تیز ہواؤں کی وجہ سے رام نگر وی ایس ٹی روڈ، حیدر گوڑا اور دیگر علاقوں میں درخت گر گئے جس سے گاڑیوں کی آمدورفت  متاثر ہو  گئی۔ مشیرآباد کے ساتھ ساتھ شہر میں کئی مقامات پر بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا۔ مرکزی سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے موٹرسائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کرما گوڑہ فیڈر پر بجلی کا پول اکھڑ گیا۔ جس سے علاقہ میں بجلی سپلائی منقطع ہو گئی۔ عوام  کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 

 گرج چمک کےساتھ بارش 

حیدرآباد سکندرآباد جڑواں شہرعلاقہ میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کوکٹ پلی، کے پی ایچ بی، بچوپلی، پرگتی نگر، گچی باؤلی، لنگم پلی، مادھاپور میں ہوئی ہے۔ چمپاپیٹ، کرمن گھاٹ، سلطان بازار، عابڈس، بشیر باغ، نامپلی، رائےدرگم، راجندر نگر، لنگرحوض ، کاروان، مہدی پٹنم، آر ٹی سی کراس روڈ، چکڑاپلی، باغ لنگم پلی، گاندھی نگر، بھولک پور، کواڑی گوڑا، ودیا نگر، یوسف گوڑہ،  پنجہ گٹہ، پریڈ گراؤنڈ،سمیت شہر بھر میں کئی مقامات پرموسلادھار بارش ہوئی ہے۔

 گاڑی سواروں کومشکلات کا سامنا

اچانک ہوئی بارش نے گاڑیوں سواروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سیلابی پانی سڑکوں پر  جمع ہو گیا ہے۔ بارش کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ہی باہر نکلیں۔ دریں اثنا،امین پور، پٹن چیورو اور بچوپلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفان جیسی صورتحال دیکھی گئی۔ حیدرآباد پولیس نے تمام لوگوں کواس سلسلے میں چوکنا رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ طوفان اس وقت آتے ہیں جب فضا میں گرم، نم ہوا تیزی سے اٹھتی ہے، جس سے گہرے بادل بنتے ہیں جنہیں 'کیومولونیمبس' کہا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
 
مانسون اب آہستہ آہستہ کرناٹک، آندھرا پردیش، مہاراشٹرا اور جنوبی تلنگانہ کے حصوں میں پھیل رہا ہے، اگلے دو تین دنوں میں تلنگانہ کے باقی حصوں میں مزید پیش قدمی کے لیے سازگار حالات ہیں۔