مانسون روانگی سے پہلے منی پور میں تباہی مچا رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش نے ریاست کے بیشتر حصوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کی وجہ سے کئی مکانات اور رہائشی کالونیاں زیر آب آگئی ہیں۔ بڑے دریاؤں کے پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ سکم میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ملبے تلے دب کر ایک گاؤں کے سربراہ کی موت ہو گئی۔ اسی دوران جموں و کشمیر کے کٹرا میں شدید بارش کی وجہ سے ماتا ویشنو دیوی یاترا کے راستے پر ایک بار پھر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔امپھال میں حکام نے بتایا کہ مشرقی امپھال کے کئی علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ امپھال ندی، نمبول اور اریل سمیت بڑی ندیوں کے پانی کی سطح میں کافی اضافہ ہوا ہے لیکن ابھی تک خطرے کے نشان تک نہیں پہنچا ہے۔ محکمہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ملک کے معاشی دارالحکومت ممبئی میں بھی آج صبح سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے راہگیروں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ خاص طورپر تعلیمی اداروں اور دفاتر کو جانے والوں کو بہت زیادہ مشکلوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مقامات پر نشیبی علاقوں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے یہاں مزید چوبیس گھنٹوں تک بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔
دریائے جمنا کے پانی کی سطح میں کمی :
قومی دارالحکومت نئی دہلی کی دریائے جمنا کے پانی کی سطح میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ بارش میں کمی اور آس پاس کے علاقوں سے آنے والے سیلابی پانی کی کمی کی وجہ سے جمنا کی سطح آب میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ عہدیداروں نے کہاکہ ندی کی سطح میں کمی سے مقامی لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ اب بھی کئی لوگ ریلیف کیمپوں میں مقیم ہیں جو اپنے اپنے گھروں کو واپس ہونے کیلئے تیار ہیں۔ عہدیداروں نے کہاکہ جمنا کے پانی سطح میں کمی کے باوجود آس پاس کے کئی علاقوں مٹیں احتیاطی تدابیر اختیار کئے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانیوں کا ساسامنا نہ کرنا پڑے۔
ادھر دوسری جانب اب بھی لوگوں کی بڑی تعداد دہلی کے میور وہار کے ریلیف کیمپوں میں مقیم ہے ہیں جہاں انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ عہدیداروں نے کہاکہ لوگ اب آہستہ آہستہ اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں ۔ تاہم جو لوگ اب تک ان کیمپوں میں مقیم ہیں انہیں حکومت کی جانب سے ہر طرح کی سہولیات پہنچائی جارہی ہیں جن میں کھانا۔ پینے کے پانی کے ساتھ ساتھ موسمی امراض سے بچاو کی ادوایات بھی فراہم کی جارہی ہے۔ عہدیداروں نے کہاکہ چیف منسٹر ریکھا گپتا کی ہدایت کے بعد ان ریلیف کیمپوں میں رہنے والوں کی ہر طرح سے مدد کی جارہی ہے۔