جموں و کشمیر نے رنجی ٹرافی کا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عاقب نبی ڈار کی شاندار کارکردگی کی بدولت جموں و کشمیر نے رانجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں بنگال کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ یہ پہلا موقع ہے جب جموں و کشمیر رنجی ٹرافی کے فائنل میں پہنچی ہے۔ پلیئر آف دی میچ عاقب نبی ڈار نے پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ جموں و کشمیر نے دو بار کے چیمپئن بنگال کے خلاف یادگار فتح حاصل کی۔ بنگال دوسری اننگز میں 99 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جس میں نبی اور سنیل کمار نے چار چار وکٹ حاصل کیں، جس کے بعد جموں و کشمیر کو 126 رنز کا ہدف ملا۔
ہدف کا کامیابی سے پیچھا کرتے ہوئے ونسج شرما نے بہترین کھیل مظاہرہ کرتے ہوئے مکیش کمار کی بال پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلوائی۔ وہ 43 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عبدالسلام نے 27 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔
یہ تاریخی کوالیفیکیشن ٹیم کی محنت، ہمت اور پورے سیزن میں مسلسل اچھے کھیل کا ثبوت ہے۔ عاقب نبی ڈار جموں کشمیر ٹیم کے اس سیزن کی کارکردگی کے مرکزی ستون رہے ہیں۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا، جب مدھیہ پردیش کے خلاف پہلی اننگز میں 40 رنز دے کر 7 وکٹ اور دوسری اننگز میں 70 رنز دے کر 5 وکٹ حاصل کیں، جس سے ٹیم نے 56 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
اس کامیابی کا جشن پورے علاقے کے کرکٹ شائقین اور فینز نے جوش و خروش کے ساتھ منایا، جو جموں کشمیر ڈومیسٹک کرکٹ کے بڑھتے ہوئے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔ ٹیم اب مکمل اعتماد اور پختہ ارادے کے ساتھ پہلی بار رنجی ٹرافی کے فائنل کے لیے تیار ہے، جہاں امکان ہے کہ ان کا مقابلہ کرناٹک سے ہو۔