Sunday, December 07, 2025 | 16, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • حیدرآباد۔تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کی میزبانی کیلئے تیار،سربراہی اجلاس کی کامیابی کیلئے تمام تیاریاں مکمل

حیدرآباد۔تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کی میزبانی کیلئے تیار،سربراہی اجلاس کی کامیابی کیلئے تمام تیاریاں مکمل

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Dec 07, 2025 IST

حیدرآباد۔تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ  کی میزبانی کیلئے تیار،سربراہی اجلاس کی کامیابی کیلئے تمام تیاریاں مکمل
حیدرآباد تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کو منانے کے لیے روایتی اور تکنیکی خصوصیات سے مزین ہو رہا ہے۔چارمینار اور سکریٹریٹ میں تھری ڈی پروجیکشن میپنگ کی جائے گی اور حسین ساگر میں واٹر تھیم قائم کی جائے گی۔ شمش آباد ایرپورٹ سے فیوچر سٹی کے مقام تک بڑی بڑی ایل ای ڈی اسکرینیں لگائی جائیں گی۔چوٹی کے لوگو والے 1500 جھنڈے پورے حیدرآباد میں لہرائیں گے۔اس سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ وزرا بھی وقتاً فوقتاً انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ سمٹ کے مقام پر تین ہیلی پیڈس نصب کئے گئے ہیں  جبکہ موبائیل سگنلس کیلئے ٹا ورس بھی لگائے جارہے ہیں۔
 
 یہ ایونٹ تلنگانہ کی شہرت کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا:حکومت 
 
 حکام اس ایونٹ کیلئے ایک خصوصی نقشہ بناکر کام کررہی ہیں ۔ یہ پورا ایونٹ میر خان پیٹ میں فیوچر سٹی کے اندر 80 ایکڑ اراضی پر منعقد کیاجا رہاہے ۔ حکومت نے کہاہے کہ یہ ایونٹ تلنگانہ کی شہرت کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔ میر خان پیٹ میں داخل ہونے کے بعد ایک کمان نما گیٹ ہوگی اور وہاں سے مرکزی داخل ہوگا۔ یہاں ایک مخصوص علاقہ ہے جہاں مندوبین کی آئی ڈیز اور دعوت نامے چیک کرنے کے بعد انہیں اندر جانے کی اجازت ہوگی۔ اس پورے علاقہ میں ڈیجیٹل لائٹنگ کا  انتظام کیاگیاہے اور یہ سارا علاقہ تلنگانہ کی برانڈنگ کیلئے استعمال ہوگا۔ مرکزی ایونٹ کے علاقہ کو دو اسٹیجس میں تقسیم کیاگیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی یہاں سے تلنگانہ ویژن ڈاکومنٹ جاری کریں گے اور دیگر اہم شخصیات بھی یہاں اظہار خیال کریں گی۔  افتتاحی تقریب اور اختتامی تقریب بھی اسی ٹینٹ میں منعقد ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی متصل ایک اور شیڈ لگایا گیاہے جہاں تلنگانہ حکومت مختلف اداروں کے ساتھ کئے جانے والے اہم او یوز پر دستخط کرے گی۔ 
 
ریاستی وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے چیف منسٹر کی ،کی ستائش
 
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تلنگانہ کے وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے 8 اور 9 دسمبر کو ہونے والے سربراہی سمٹ کے بارے میں کہاکہ ریاست میں اس طرح کا سمٹ پہلی مرتبہ ہورہا ہے۔  اظہر الدین نے اس توقع کا اظہار کیاکہ اس سمٹ کے ذریعہ ریاست کو بڑا فائدہ ہوگا کیونکہ سب کو امید ہے کہ آنے والے دنوں میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری ہوگی۔ اظہر الدین نے مزید کہاکہ چیف منسٹر کی کوشش ہے کہ ریاست کو 2047 تک ریاست کو 3 ٹریلین ڈالر کی ریاست بنایا جائے۔ 
 
وہیں ریاستی وزیر تملاناگیشور راو نے آج گلوبل سمٹ وار روم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر نے جاری انتظامات  اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران تملا ناگیشور راو نے مختلف محکموں کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور ان کے درمیان تال میل کے ذریعہ جاری کاموں پر مسرت کا اظہار کیا ۔  انہوں نے سربراہی اجلاس کو کامیابی سے منعقد کرنے کیلئے ضروری ہدادیات بھی دی اور مناسب اقدامات پر بھی زور دیا۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ تمام محکموں کو عالمی معیار کے ساتھ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔