Tuesday, June 09, 2026 | 22 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • حیدرآباد: ریڈ روز گارڈن میں اظہرالدین اورپونم پربھاکرکے ہاتھوں میگا جاب میلے کا افتتاح

حیدرآباد: ریڈ روز گارڈن میں اظہرالدین اورپونم پربھاکرکے ہاتھوں میگا جاب میلے کا افتتاح

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 09, 2026 IST

حیدرآباد: ریڈ روز گارڈن میں اظہرالدین اورپونم پربھاکرکے ہاتھوں میگا جاب میلے کا افتتاح
  • حیدرآباد کےعلاقہ نامپلی ریڈ روزگارڈن میں میگا جاب میلہ 
  •   مائناریٹی فائننس کارپوریشن کی جانب سے جاب میلہ کا آغاز
  • 56 کمپنیوں کی شرکت 3000 سے زائد نوجوانوں کی شرکت
  • روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کا عزم: پونم پربھاکر 
  • ہر  بیروزگار کو روز گار سے جوڑنے کی  کوشش: عبیداللہ کوتوال
  • دیگر اضلاع میں بھی اس طرح کےپروگرام منعقد کرنے کا اعلان
 عوامی حکمرانی ترقیاتی منصوبے کے تحت نامپلی کے ریڈ روز گارڈن میں محکمہ اقلیتی بہبود اور اقلیتی فنانس کارپوریشن کے زیر اہتمام میگا جاب میلے کا افتتاح کیا گیا۔ اس پروگرام کا افتتاح حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر اور اقلیتی بہبود کے وزیر محمد اظہرالدین نے کیا۔ تقریب میں راجیہ سبھا رکن انیل کمار یادو، حکومتی مشیر شبیر علی، اقلیتی کارپوریشن کے چیئرمین عبیداللہ کوتوال، اقلیتی گروکل کے وائس چیئرمین فہیم الدین قریشی، اقلیتی بہبود کے سیکریٹری بی شفیع اللہ، اردو اکیڈمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان سمیت دیگر عہدیدار شریک ہوئے۔

56 کمپنیوں کی شرکت 3000 سے زائد امیدواروں کی شرکت

تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن( ٹی جی ایم ایف سی )کے پینل شدہ ٹریننگ پارٹنرز کے تعاون سے بے روزگار اقلیتی نوجوانوں کے لیے جاب میلہ کا انعقاد کر رہا ہے۔ مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ، ہیلتھ کیئر، بزنس سروسز، لاجسٹکس، بینکنگ، فائنانس، آئی ٹی، کسٹمر سروسز، مہمان نوازی وغیرہ سے تقریباً 56 کمپنیوں کے نمائندوں شرکت کریں گی۔ تین ہزار سے زائد متلاشیاں روز گار نے اس میلہ میں شرکت کی۔ بعض  امیدواروں کو برسر موقع تقرری نامے تقسیم کئے گئے۔

روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کا عزم: پونم پربھاکر 

اس موقع پر وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے منعقد کیا گیا یہ میگا جاب میلہ ایک تاریخی قدم ہے۔ اقلیتی بہبود کے شعبہ میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کا جاب میلہ منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بھی ایسے مزید روزگار میلوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ اقلیتی نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع حاصل ہو سکیں اور وہ معاشی طور پر مضبوط بن سکیں۔وزیر نے کہا کہ حکومت کا مقصد اقلیتی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرکے ان کے مستقبل کو روشن بنانا ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر جاب میلوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو فائدہ پہنچ سکے۔

 اقلیتی نوجوانوں کیلئے نئی امید کی کرن

انہوں نے منتخب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ جو امیدوار اس بار کامیاب نہیں ہو سکے، وہ مایوس نہ ہوں بلکہ مزید اعتماد کے ساتھ کوشش جاری رکھیں۔ آنے والے جاب میلوں میں انہیں بھی بہتر مواقع ملیں گے۔پونم پربھاکر نے کہا کہ روزگار کے منتظر اقلیتی نوجوانوں کے لیے یہ پروگرام امید کی ایک نئی کرن ہے، جو ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے محکمہ اقلیتی بہبود، اقلیتی فنانس کارپوریشن اور پروگرام کو کامیاب بنانے والے تمام افراد کی کوششوں کو سراہا۔

 اضلاع میں بھی منعقد کیا جائے گا جاب میلہ 

 چیئرمین تلنگانہ اقلیتی بہبود کے صدرنشین عبید اللہ کوتوال نے کہا کہ  ایم ایف سی کی جانب سے بیروز گار افرادکو تعلیم کاروبار کےعلاوہ ملازمت سے جوڑنے کی  کوشش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے بتایاکہ تقریبا ً 50 سے  کمپنیوں کے نمائندے شریک ہیں۔ انھوں نے کہاکہ یہ پروگرام مستقبل میں دیگر اضلاع میں بھی منعقد کیا جائےگا۔