• News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • آئی سی سی ایکشن موڈ میں، جلد ہی امریکی کرکٹ بورڈ پر لگا سکتی ہے پابندی

آئی سی سی ایکشن موڈ میں، جلد ہی امریکی کرکٹ بورڈ پر لگا سکتی ہے پابندی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jun 30, 2025 IST     

image
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے یو ایس اے کرکٹ بورڈ (یو ایس اے سی) کے خلاف انتہائی سخت رویہ اپنایا ہے۔ آئی سی سی نے یو ایس اے کرکٹ بورڈ کو 12 ماہ کا گورننس نوٹس بھیجا تھا جس کی میعاد اگلے ماہ ختم ہو رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یا تو امریکہ کرکٹ بورڈ اپنی قیادت میں اہم تبدیلیاں کرے یا پھر بورڈ کو معطل کیا جا سکتا ہے۔ آئندہ ماہ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں اس پر بڑا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
 
گزشتہ سال T20 ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد جولائی میں یو ایس اے سی کو نوٹس بھیجا گیا تھا۔ آئی سی سی نے تعمیل اور اصلاحات کی نگرانی کے لیے گزشتہ سال ایک نارملائزیشن کمیٹی قائم کی تھی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انتظامی نا اہلی کا حوالہ دیتے ہوئے یہ کمیٹی تشکیل دی تھی۔
 
میڈیا رپورٹ  کے مطابق، آئی سی سی کی ایک ٹیم رواں ماہ لاس اینجلس پہنچی تھی، جہاں اس نے امریکی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں نارملائزیشن کمیٹی اور یو ایس اے سی کے کچھ اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ رپورٹ کے مطابق ایک سینئر اہلکار نے کہا کہ مسلسل وارننگ کے باوجود حالات میں زیادہ تبدیلی نہیں آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ آئی سی سی نے اپنا موقف واضح کر دیا ہے کہ قیادت میں ضروری تبدیلیاں اب بحث کا موضوع نہیں ہیں، خاص طور پر لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی کے بعد۔
 
آئی سی سی ٹیم نے یو ایس اے سی کے کچھ عہدیداروں کو اپنے عہدے چھوڑنے پر زور دیا تھا۔ کچھ عہدے دار مستعفی ہونے کو تیار ہیں، لیکن کچھ ایسا کرنے کو بالکل تیار نہیں۔ میڈیا  کے حوالے سے کہا کہ USAC نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ اگر رپورٹوں پر یقین کیا جائے تو آنے والے دنوں میں یو ایس اے سی کے بہت سے اہلکار اپنا استعفیٰ پیش کر سکتے ہیں۔ آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ آئی سی سی نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔