آج عالمی یوم خواتین کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات منعقد کی گئی ہیں جن کا مقصد خواتین کی صحت، تعلیم، خود اعتمادی اور معاشرتی کردار کو اجاگر کرنا تھا۔
کولکتہ میں فٹ انڈیا سائیکلتھون
مرکزی وزیر منسکھ منڈاویہ نے کولکتہ میں فٹ انڈیا-انڈیا پنک سائیکلتھون میں شرکت کی۔ اس موقع پر منڈاویہ نے کہا کہ “سائیکل چلانا نہ صرف بہترین ورزش ہے بلکہ آلودگی کا حل بھی ہے۔ آج ہماری خواتین نے سڑکوں پر سائیکل چل کر یہ پیغام دیا ہے کہ ہمیں اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہیے اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
دہلی میں واکتھون اور میراتھن
دہلی میں خواتین کی صحت اور بااختیاری کو فروغ دینے کے لیے ایک واکتھون کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت وزیر اعلی ریکھا گپتا نے کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے خواتین کو عالمی یوم خواتین کی مبارکباد دی اور تعلیم، صحت اور تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کیا۔
اسی طرح دہلی میں زیڈس پنکاتھون میراتھن کا انعقاد بھی کیا گیا جسے وزیر آشیش سود نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں خواتین نے حصہ لیا اور صحت مند طرزِ زندگی کا پیغام دیا۔ پنکاتھون کے بانی اور معروف اداکار ملند سومن کے ساتھ انکیتا کونور بھی موجود تھیں۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ اس میراتھن کا مقصد خواتین کو فٹنس، صحت اور خود اعتمادی کی طرف راغب کرنا ہے۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی شرکت
عالمی یوم خواتین کے موقع پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سوریہ کانت نے چندی گڑھ کے سُکھنا جھیل پر ویمنز ڈے واکتھون میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے خواتین کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ سمیت ہر شعبے میں خواتین کی خدمات نہایت اہم اور قابلِ قدر ہیں۔
فٹ انڈیا مشن کا پیغام
نئی دہلی میں فٹ انڈیا مشن نے خواتین کی صحت، فٹنس اور بااختیاری کو فروغ دینے کے لیے پنک سائیکلتھون کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں خواتین، طالبات، کھلاڑیوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے حصہ لیا۔ منتظمین نے کہا کہ اس کا مقصد خواتین کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا ہے اور معاشرے میں خواتین کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔