آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل میچ آج اتوار 2 فروری کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان بیوماس اوول میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے یک طرفہ فتح حاصل کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ بھارت نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کرٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ ٹاس ہار کر پہلے بولنگ کرنے کے بعد ہندوستان نے افریقہ کو اپنے 20 اوورز میں صرف 82 رنز پر ڈھیر کردیا۔ بعد میں، گونگاڈی تریشا (44 ناٹ آؤٹ) اور سانیکا چالکے (26 ناٹ آؤٹ) نے شاندار اننگز کھیل کر 11.2 اوور میں 1 وکٹ پر 84 رنز بنا کر میچ اور ٹائٹل جیت لیا۔
بھارت کی ٹائٹل جیتنے کی ہیرو اسٹار آل راؤنڈر گونگاڈی تریشا تھیں جنہوں نے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے بعد 83 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انہوں نے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ تریشا کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر فائنل میچ میں پلیئر آف دی میچ کا خطاب دیا گیا۔
گونگاڈی تریشا، جن کا تعلق تلنگانہ سے ہے، انہوں نے پلیئر آف دی ٹورنمنٹ کا خطاب بھی اپنے نام کیا۔ اس پورے ٹورنامنٹ میں انہوں نے گیند اور بلے سے دھوم مچائی اور 309 رنز بنا کر 7 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو مسلسل دوسری بار ٹائٹل جتوانے میں مدد کی۔