• News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • جیولین تھرور نیرج چوپڑا عالمی نمبر1، پاکستان کے ارشد ندیم چوتھے نمبر پر

جیولین تھرور نیرج چوپڑا عالمی نمبر1، پاکستان کے ارشد ندیم چوتھے نمبر پر

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 30, 2025 IST     

image
ہندوستانی ایتھلیٹکس کے چمکتے ستارے اور اولمپک چیمپئن نیرج چوپڑا نے ایک بار پھرعالمی ایتھلیٹکس رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اس سیزن میں شاندار فتوحات اور مسلسل بہترین کارکردگی کے بعد  انڈین جیولین تھرورنیرج چوپڑا عالمی سطح پر ٹاپ پر پہنچ گئے ہیں۔نیرج چوپڑا نے پیرس ڈائمنڈ لیگ اور اوسٹراوا گولڈن اسپائکس جیسے اہم مقابلوں میں اپنی مہارت کا لوہا منوایا۔ پیرس ڈائمنڈ لیگ میں شاندار جیت کے بعد، انہوں نے اوسٹراوا گولڈن اسپائکس میں بھی 85.29 میٹر برچھا پھینک کر چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
 
اس کامیابی کے ساتھ نیرج چوپڑا کے عالمی رینکنگ پوائنٹس 1,445 ہو گئے ہیں۔ گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز 1,431 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور دوحہ ڈائمنڈ لیگ کے فاتح جولین ویبر تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستانی جیولن تھرو ارشد ندیم 1,370 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔
 
نیرج چوپڑا کی کامیابیوں کا سلسلہ صرف رواں سیزن تک محدود نہیں رہا بلکہ اس سے قبل انہوں نے ٹوکیو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا تھا۔ بعد ازاں، ورلڈ گیمز اور پیرس اولمپکس میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
 
رواں سیزن میں نیرج نے جنوبی افریقہ میں پیچ انویٹیشنل جیتا اور دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں 90 میٹر کی تھرو کے باوجود دوسری پوزیشن پر رہے۔ تاہم، انہوں نے جلد ہی واپسی کرتے ہوئے پیرس اور اوسٹراوا میں مسلسل کامیابی حاصل کی۔
 
نیرج چوپڑا کی اس شاندار فارم سے نہ صرف ہندوستانی کھیلوں کا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی یہ ایک متاثر کن مثال ہے۔ اب پوری قوم کو امید ہے کہ وہ آئندہ مقابلوں میں بھی اسی جذبے اور جوش کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور مزید فتوحات حاصل کریں گے۔