Friday, April 24, 2026 | 06 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • ایران امریکہ امن مذاکرات: ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان۔رپورٹس

ایران امریکہ امن مذاکرات: ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان۔رپورٹس

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Apr 24, 2026 IST

ایران امریکہ امن مذاکرات: ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان۔رپورٹس
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کے امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے جمعے کی رات پاکستان کا دورہ کرنے کا امکان ہے۔پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق، امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے ایرانی وفد کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں جمعے کی رات اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے۔حکومتی ذرائع کے حوالے سے متعدد پاکستانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اسلام آباد میں امریکی لاجسٹک اور سکیورٹی ٹیم پہلے سے موجود ہے۔
 
ڈان نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ایرانی وزیر خارجہ عراقچی کی ایک چھوٹی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ آج رات آمد متوقع ہے۔امریکی ٹیم نائب صدر جے ڈی وینس کے اس متوقع دورے سے قبل اسلام آباد پہنچی تھی، جسے 21 اپریل کو موخر کر دیا گیا تھا اور جس کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا تھا۔اس کے بعد سے امریکہ اور ایران میں مذاکرات کے دوسرے دور کے حوالے سے تو ابہام تھا، تاہم اسلام آباد میں حکام نے اسی طرح سکیورٹی اقدامات کر رکھے تھے، جیسے مذاکرات کے پہلے دور میں کیے گئے تھے۔
 
قبل ازیں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے جمعے کو ٹیلیفونک گفتگو میں خطے میں امن کے لیے مسلسل مذاکرات اور رابطے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ایرانی ہم منصب کی فون کال موصول ہوئی، جس کے دوران ’فریقین نے علاقائی پیش رفت، جنگ بندی اور امریکہ-ایران روابط کے تناظر میں اسلام آباد کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا۔‘
 
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے بقیہ مسائل کے حل کے لیے ’مسلسل مذاکرات اور رابطے کی اہمیت‘ پر زور دیا تاکہ جلد از جلد ’علاقائی امن اور استحکام‘ کو فروغ دیا جا سکے۔وزیر خارجہ عراقچی نے اس حوالے سے پاکستان کے مستقل اور تعمیری سہولت کاری کے کردار کو سراہا اور دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔یہ گفتگو ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات کے دوسرے دور کے انعقاد سے متعلق تاحال ابہام پایا جا رہا ہے اور دونوں جانب سے تلخ بیانات کا تبادلہ بھی جاری ہے۔