Tuesday, December 02, 2025 | 11, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • مسلمان سماج سے رابطہ اور آگاہی بڑھائیں،عوامی ذہن سازی کیلئے محنت کریں: امیر جماعت ہند

مسلمان سماج سے رابطہ اور آگاہی بڑھائیں،عوامی ذہن سازی کیلئے محنت کریں: امیر جماعت ہند

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Dec 02, 2025 IST

مسلمان سماج سے رابطہ اور آگاہی بڑھائیں،عوامی ذہن سازی کیلئے محنت کریں: امیر جماعت ہند
جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے دو روزہ قصص 2.0 میڈیا ماسٹری بوٹ کیمپ میں امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے مسلمانوں کے وسیع تر سماج سے براہ راست تعامل اور مکالمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دوروزہ ورک شاپ کے اختتامی اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے میڈیا سے وابستہ افراد کو متوجہ کیا کہ وہ اپنی سوچ اور سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کریں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سے وابستہ افراد کو چاہیے کہ وہ صرف اندرونی کمیونٹی مکالمے تک محدود نہ رہیں بلکہ وسیع تر سماج کے ساتھ مسلمانوں کو جوڑنے کی مثبت کوششوں کو فروغ دیں۔
 
سید سعادت اللہ حسینی نے نوجوان نسل کی تربیت اور رہنمائی پر خاص زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان فطری طور پر ٹیکنالوجی سے قریب ہوتے ہیں اور وہ جنریشن زیڈ کی زبان سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے میدان میں نوجوان نسل کو آگے بڑھائیں تاکہ وہ اس میدان میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے وسیع تر میڈیا برادری کے ساتھ باقاعدہ نیٹ ورکنگ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ۔سید سعادت اللہ حسینی نے صحافیوں، میڈیا نمائندوں اور ایڈیٹروں سے رابطے بڑھانے پر زور دیا تاکہ پیشہ ورانہ روابط اور باہمی تعلقات کو مضبوط کیا جا سکے اور مثبت رخ پر رائے عامہ کو ہموار کیا جا سکے ۔
 
دو روزہ بوٹ کیمپ قصص 2.0 جماعت اسلامی ہند کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا ۔ اس ورک شاپ میں صحافیوں، اسکالرز، طلبہ، میڈیا پروفیشنلز اور جماعت اسلامی کے ریاستی میڈیا ذمہ داروں  نے شرکت کی۔ اس ورک شاپ میں تربیتی سیشنز، مباحث،  فیلڈ وزٹس شامل تھے۔ پروگرام میں لیکچرز، میڈیا ورکشاپس، بڑے میڈیا اداروں کے تعلیمی دورے، عوامی رائے، جمہوریت کو درپیش خطرات، میڈیا اور کمیونٹی تعلقات پر پینل ڈسکشنز بھی شامل تھے۔
 
سینئرصحافی رشید قدوائی، ضیا الاسلام، آدتیہ مینن اور دیگر ماہرین نے مؤثر میڈیا کمیونیکیشن، میڈیا اور ملی سماجی تنظیموں کے درمیان فاصلے کم کرنے اور نیوز روم کے طریقہ کار کو  بہتر طریقے سےسمجھنے کے بارے میں خصوصی معلومات فراہم کیں۔
 
 ورک شاپ میں میڈیا اسٹریٹجی، ادارہ جاتی ترقی، اے آئی پر مبنی تخلیقی مواد اور سوشل میڈیا سے وابستگی کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پروگرام کا اختتام ایک اوپن سیشن اور انٹرایکٹو گفتگو کے ساتھ ہوا جس میں شرکاء نے اپنے تجربات اور خیالات کا آزادانہ تبادلہ کیا۔