Saturday, January 03, 2026 | 14, 1447 رجب
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • جموں کشمیر: کرکٹر نے ہیلمٹ پر فلسطینی جھنڈا لگایا، تنازع بڑھنے پر تحقیقات شروع

جموں کشمیر: کرکٹر نے ہیلمٹ پر فلسطینی جھنڈا لگایا، تنازع بڑھنے پر تحقیقات شروع

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jan 03, 2026 IST

جموں کشمیر: کرکٹر نے ہیلمٹ پر فلسطینی جھنڈا لگایا، تنازع بڑھنے پر تحقیقات شروع
جموں و کشمیر میں ایک مقامی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران ایک بلے باز نے اپنے ہیلمٹ پر فلسطینی جھنڈے کا سٹیکر لگا کر کھیلا اور فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ جمعرات 1 جنوری کو اس سے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ تنازع بڑھنے کے بعد ڈومانہ پولیس اسٹیشن نے متعلقہ کرکٹر کو طلب کر کے پوچھ گچھ کی۔
 
اس واقعے پر جمعہ 2 جنوری کو پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں نظر آ رہا ہے کہ کرکٹ میچ کے دوران کرکٹر فرقان الحق نے اپنے ہیلمٹ پر فلسطین کا لوگو لگایا ہوا ہے۔ یہ میچ جموں شہر کے کے سی ڈور، مٹھی میں کھیلا گیا تھا۔ معلومات کے مطابق کرکٹر فرقان الحق پلوامہ کے تنگی پونہ کے رہنے والے ہیں۔
 
معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے ڈومانہ پولیس اسٹیشن نے بی این ایس ایس کی دفعہ 173(3) کے تحت 14 دن کی ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ہیلمٹ پر فلسطینی جھنڈے والا لوگو لگانے کا ارادہ کیا تھا؟ ساتھ ہی پولیس یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ کرکٹر فرقان الحق کے کسی ممکنہ رابطے (فلسطین سے) ہیں یا نہیں؟
 
دوسری طرف، کرکٹر فرقان الحق کی طرف سے ہیلمٹ پر فلسطینی جھنڈے والا لوگو لگانے کے واقعے پر سیاسی ردعمل بھی سامنے آنے لگا ہے۔ اس معاملے پر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں فلسطین کے حق میں ایک مشہور نعرہ لکھا "From the river to the sea, Palestine will be free"۔ ساتھ ہی انہوں نے فلسطین کے جھنڈے کی تصویر بھی شیئر کی۔