Sunday, June 15, 2025 | 19, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • جموں و کشمیر :فاروق عبداللہ نےوندے بھارت ایکسپریس میں کیا سفر ،کہا -سیاحت کو ملے گا فروغ

جموں و کشمیر :فاروق عبداللہ نےوندے بھارت ایکسپریس میں کیا سفر ،کہا -سیاحت کو ملے گا فروغ

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jun 10, 2025 IST     

image
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے منگل کو سری نگر کے نوگام ریلوے اسٹیشن سے کٹرہ تک وندے بھارت ایکسپریس میں سفر کیا۔ اس دوران انہوں نے اپنی خوشی اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ،اس ٹرین کو جموں و کشمیر کے لیے ایک بڑا تحفہ قرار دیا۔ فاروق عبداللہ نے کہا، مجھے بہت خوشی ہے کہ میں اس ٹرین کے ذریعے کٹرہ جا رہا ہوں۔ یہ ہمارے لیے بہت بڑا فائدہ ہے۔ یہ ٹرین نہ صرف مقامی لوگوں کے لیے بلکہ سیاحوں کے لیے بھی بہت فائدہ مند ثابت ہوگی۔ سڑک سے سفر کرنا مشکل ہے اور ہوائی سفر کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔ اب یہ ٹرین ہمارے سفر کو آسان اور آرام دہ بنائے گی۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ریل سروس کشمیر کو باقی ہندوستان سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ لوگوں کو خاص طور پر خراب موسم میں سڑکوں کی بندش اور ہوائی کرایوں میں اضافے کے مسائل سے راحت ملے گی۔ اس کے علاوہ یہ ٹرین باغبانی کے شعبے کو فروغ دے گی، خاص طور پر سیب اور دیگر پھلوں کی تجارت کو فروغ دے گی، کیونکہ اب پیداوار تیزی سے ملک کے دیگر حصوں تک پہنچ سکے گی۔
 
وزیر اعظم نریندر مودی نے 6 جون  کو کیا افتاح:
 
وزیر اعظم نریندر مودی نے 6 جون کو کٹرا ریلوے اسٹیشن سے دو وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی تھی جو کٹرا اور سری نگر کو جوڑتی ہیں۔ یہ ٹرین کٹرا سے سری نگر کا فاصلہ صرف تین گھنٹے میں طے کرتی ہے، جس سے موجودہ سفری وقت میں دو سے تین گھنٹے کی کمی ہوتی ہے۔ ٹرین کو خاص طور پر کشمیر کی سرد آب و ہوا کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس میں جدید ترین سہولیات ہیں جیسے کہ خودکار دروازے، جی پی ایس پر مبنی انفارمیشن سسٹم، بائیو ویکیوم ٹوائلٹس اور کاوچ ٹیکنالوجی۔
 
فاروق عبداللہ نے وزیر اعظم مودی کی تعریف کی :
 
فاروق عبداللہ نے اس پروجیکٹ کے لیے وزیر اعظم مودی کی تعریف کی اور اسے جموں و کشمیر کی ترقی میں ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین سیاحت کو فروغ دے گی اور مقامی لوگوں کی روزمرہ زندگی میں بہتری لائے گی۔ نوگام ریلوے اسٹیشن ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریلوے لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ کا حصہ ہے، جو کشمیر کو جموں اور ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس ٹرین کے متعارف ہونے سے جموں و کشمیر میں ریل رابطہ مزید مضبوط ہوا ہے، جس سے خطے کی اقتصادی اور سماجی ترقی کو نئی تحریک ملنے کی امید ہے۔