Thursday, January 08, 2026 | 19, 1447 رجب
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ کی شناخت اور وجود کے تحفظ کیلئے سیاسی جماعت کی ضرورت: کویتا

تلنگانہ کی شناخت اور وجود کے تحفظ کیلئے سیاسی جماعت کی ضرورت: کویتا

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: K Kavitha Calls for United Push Towards ‘Social Telangana | Last Updated: Jan 06, 2026 IST

 تلنگانہ کی شناخت اور وجود کے تحفظ کیلئے سیاسی جماعت کی ضرورت: کویتا
سماجی تلنگانہ کی تعمیر کے لئے متحدہ آگے بڑھنے کی اپیل کرتے ہوئے تلنگانہ جاگروتی کی صدر کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ ریاست میں تلنگانہ کی شناخت اور اس کے وجود کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی ایک مضبوط سیاسی جماعت کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ تحریک سے وابستہ جے اے سی قائدین، عوامی تنظیموں، سرکاری و نیم سرکاری ملازمین کی یونینوں، ذات پات پر مبنی تنظیموں اور مختلف یونیورسٹیوں کی طلبہ تنظیموں کے قائدین نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ کے تشخص کے لئے جدوجہد کرنے والی قیادت کا ساتھ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
 
  بنجارہ ہلز میں واقع تلنگانہ جاگروتی کے دفتر میں  منگل6 جنوری  کو  مذکورہ بالا تمام تنظیموں کے نمائندوں نے کلواکنٹلہ کویتا سے ملاقات کی اورمکمل حمایت کا اعلان کیا۔ کویتا سے اظہار یکجہتی کے لئے ریاست کے مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں تلنگانہ جاگروتی کے کارکنان، حامی، مختلف عوامی تنظیموں کے قائدین، طلبہ، ذات پات پر مبنی تنظیموں کے نمائندے، مزدور یونینوں کے قائدین، سنگارینی مزدور اور تلنگانہ تحریک کے کارکنان پہنچے، جس کے باعث حیدرآباد میں واقع تلنگانہ جاگروتی کا دفتر حامیوں سے کھچا کھچ بھر گیا۔
 
 اس موقع پر جاگروتی کے کارکنان اور حامیوں نے ’’جئے کویتااکّا‘‘ کے نعروں سے ماحول کو گرما دیا۔ کلواکنٹلہ کویتا نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ تمام تنظیموں کے نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ تلنگانہ کے لئے کویتاکی قیادت میں قائم ہونے والی آئندہ سیاسی جماعت کو ان کی مکمل حمایت حاصل رہے گی۔
 
 سنگارینی مزدور، ایچ ایم ایس، سرکاری ملازمین کی یونین، بی سی تنظیمیں، تمام یونیورسٹیوں کی طلبہ تنظیمیں، پہلےاور دوسرے مرحلے کی تلنگانہ تحریک کی جے اے سی، تلنگانہ علاقائی تحریک سمیتی، تلنگانہ ریاستی جہد کاروں کی جے اے سی،   جے اے سی اسٹیٹ کمیٹی، تلنگانہ پولیٹیکل جے اے سی، آٹو یونین کے قائدین، خواتین تنظیمیں، ذات پات پر مبنی تنظیموں کے ذمہ داران اور مختلف عوامی تنظیموں کے قائدین ان میں شامل تھے جنہوں نے کلواکنٹلہ کویتا سے ملاقات کی۔
 
تمام نمائندوں نے کہا کہ آپ کی قیادت میں قائم ہونے والی جماعت کے ذریعہ تلنگانہ میں تمام طبقات کو فائدہ پہنچے گا اور انہوں نے اس پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ کویتا کے ساتھ، کویتا کے راستے پر چلتے ہوئے جدوجہد میں شریک رہیں گے۔ اس پر کلواکنٹلہ کویتا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان پر اعتماد کر کے دور دراز علاقوں سے آنے والے ہر فرد کی وہ تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کی امنگوں کے مطابق ان کی جدوجہد مسلسل جاری رہے گی اور جمہوری طریقہ کار پر یقین رکھنے والی اس تحریک کو سبھی طبقات کی حمایت حاصل ہونی چاہئے۔