• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • لوک سبھا میں آج آپریشن سندور پر ہوگی بحث،وزیر دفاع راجناتھ سنگھ بحث کا کریں گے آغاز

لوک سبھا میں آج آپریشن سندور پر ہوگی بحث،وزیر دفاع راجناتھ سنگھ بحث کا کریں گے آغاز

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jul 28, 2025 IST     

image
پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا پہلا ہفتہ ہنگامہ خیز رہا۔ پہلگام حملہ اور آپریشن سندور پر آج سے لوک سبھا میں بحث ہونے والی ہے جس میں گرما گرم بحث متوقع ہے۔ حکمران اتحاد اور حزب اختلاف قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی سے متعلق ان دو معاملات پر بحث کی تیاری کر رہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر دونوں مسائل پر حکومت کا موقف پیش کر سکتے ہیں۔ وہیں وزیر اعظم نریندر مودی بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اس پر بیان دے سکتے ہیں۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی، راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے، ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور دیگر اعلیٰ اپوزیشن لیڈر بحث میں حصہ لیں گے۔ مانسون اجلاس کے پہلے ہفتے میں اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے بہار کی ووٹر لسٹ مسئلہ کے ساتھ ساتھ پہلگام حملہ اور آپریشن سندور پر بحث کا مطالبہ کیاتھا۔ 
 
پہلگام حملہ اور آپریشن سندور پر لوک سبھا میں آج سے اور راجیہ سبھا میں کل سے بحث ہوگی۔ اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ روکنے کے بار بار دعووں پر اپوزیشن پارلیمنٹ میں حکومت کو گھیر سکتی ہے۔ ٹرمپ عوامی پلیٹ فارمز سے کئی بار دعویٰ کر چکے ہیں کہ انہوں نے تجارت بند کرنے کی دھمکی دے کر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ روک دی۔ تاہم ان کے اس دعوے کو حکومت پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔ لیکن اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم اس پر بیان دیں جو ابھی تک اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ 
 
تلنگانہ کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ چملا کرن کمار ریڈی نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں ابتدا سے ہی آپریشن سندور پر پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کا مطالبہ کررہی ہیں تاہم حکومت نے اب پارلیمنٹ میں آج سے 16 گھنٹوں کی بحث پر اتفاق کیاہے۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ بحث کے دوران حملوں سے پہلے اور بعد میں مبینہ طورپر انٹلی جنس کی ناکامی جب چار دہشت گرد علاقے میں گھس آئے تو ہم ان کو پکڑنے میں اب تک ناکام رہے ہیں جس کا انہیں جواب دینا چاہئے۔ اس کے علاوہ ہند۔ پاک جنگ روکنے سے متعلق ڈونالڈ ٹرمپ کے بار بار دعووں پر بھی حکومت کو وضاحت کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے جس کی حقیقت جاننے کا پورے ملک کی عوام کو انتظار ہے۔